اسلام آباد: وزیر مملکت برائے پٹرولیم سینیٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ ابھی تک تو اسٹیبلشمنٹ ہمارے ساتھ ہے، گیس کی قیمت مزید بڑھے گی- جمعرات کے روز نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت سینیٹر مصدق ملک نے کہا کہ تمام جماعتیں یکسوئی اور یکجہتی کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہیں، تمام جماعتوں نے یکسوئی کے ساتھ بڑے فیصلے کیے ہیں-
وزیر مملکت نے مزید کہا کہ ملک کے دفاع پر 1532ارب روپے خرچ ہو رہے ہیں جب کہ ملک کو برباد کرنے کے کارخانے7ہزار ارب کے ہیں، جس طرح پاکستان کو چلایا جارہا تھا کسی اورملک کو چلایا جاتا تو وہ دیوالیہ ہو جاتا-
سینیٹر مصدق ملک نے کہا کہ مشکل فیصلوں کی سیاسی قیمت ادا کرنی پڑتی ہے- پانچ چھ مہینے کے سخت فیصلوں کے بعد ملک میں معاشی طور پر استحکام آئے گا- انہوں نے واضح کیا کہ حکومت پی ایس او کے ذریعے تیل خریدتی ہے، تیل کی قیمت بڑھتی ہے تو 30دن کے بعد لوگوں تک اس کے اثرات پہنچتے ہیں-
تیل کی قیمت کم ہو جائے تو بھی ایک مہینے کے اندر اس کے اثرات سامنے آجاتے ہیں- کروڈ آئل 124سے 108روپے پر آگیا ہے-مصدق ملک نے کہا کہ ہماری ریفائنریز پرانے زمانے کی ہیں- پارکو میں ابوظہبی اور حکومت پاکستان دونوں کی انویسٹمنٹ ہے۔