بھارت کی مشرقی ریاست بہار میں بارشوں اور آسمانی بجلی سے متعلقہ واقعات میں کم از کم 22افراد ہلاک اور 8 دیگر زخمی ہو گئے ہیں۔
سرکاری نشریاتی ادارے آل انڈیا ریڈیو(اے آئی آر)نے بدھ کے روز بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران گرج چمک کےساتھ طوفان اور موسلادھار بارشوں نے ریاست کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔
حکام نے بتایا کہ آسمانی بجلی گرنے کے باعث متاثر ہونیوالے افراد میں زیادہ تر کھیتوں میں کام کرنیوالے کسان ہیں۔محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ریاست کے مختلف حصوں میں موسلادھار بارش اور آسمانی بجلی گرنے کی پیش گوئی کی ہے۔بہارکے وزیراعلی نتیش کمار نے متاثرہ خاندانوں کے لیے مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔
مقامی حکومت کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وزیراعلی نے مرنیوالے افراد کے لواحقین کو 4 لاکھ بھارتی روپے(5 ہزار 70 امریکی ڈالر)معاوضہ ادا کرنے کا اعلان کیا ہے۔نتیش کمار نے مقامی باشندوں پر بھی زور دیا ہے کہ وہ خراب موسم میں چوکس رہیں اور ڈیزاسٹرمینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے جاری کردہ مشورہ پر عمل کریں۔