مدینہ منورہ : سعودی عرب کے مقدس مقام مسجد نبوی کی انتظامیہ نے روضہ شریفہ (ریاض الجنہ) میں نماز کا موقع فراہم کرنے کے لیے نیا طریقہ کار اختیار کیا ہے تاکہ عازمین حج کسی رکاوٹ اور دشواری کے بغیر نماز ادا کرسکیں۔
سعودی اخبار کے مطابق مسجد نبوی کی انتظامیہ نے روضہ شریفہ میں ہر گروپ کے لئے نماز کا دورانیہ مقرر کردیا ہے۔پہلی مرتبہ گیٹ نمبر 37 کے راستے جنوبی صحنوں سے عازمین کو گروپوں کی شکل میں بھیجا جارہا ہے۔
منتظمین صرف ان عازمین کو گروپوں میں شامل کرتے ہیں جن کے پاس پرمٹ ہوتا ہے۔ بارکوڈ چیک کرکے جانے کی اجازت دی جاتی ہے۔انتظامیہ کے ماتحت زائرین کی گروپ بندی کرنے والے ادارے کے انچارج یاسر المزینی نے بتایا کہ مسجد نبوی روضہ شریفہ میں صرف سات منٹ تک اجازت ہوتی ہے۔
ہر روز 11 ہزار 520 افراد، ہفتے میں 79 ہزار 950 اور مہینے میں 2 لاکھ 92 ہزار 464 اور 3 ماہ کے دوران 6 لاکھ 89 ہزار 711 زائرین کو روضہ شریفہ میں نماز کا موقع دیا جا رہا ہے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ زیارت کے لیے مختلف اوقات مقرر ہیں۔ رات ساڑھے بارہ بجے سے فجر کی اذان سے قبل 4 بجے تک، دوسرا دورانیہ صبح ساڑھے گیارہ بجے شروع ہوتا ہے اور اس کا سلسلہ سہ پہر ساڑھے تین بجے تک جاری رہتا ہے۔
تیسرا دورانیہ شام ساڑھے چار بجے سے مغرب کی اذان سے قبل 7 بجے تک جبکہ چوتھا اور آخری دورانیہ مغرب کےبعد ساڑھے سات بجے سے رات ساڑھے 8 بجے تک رکھا گیا ہے۔
