لاہور : چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ اگر حکومت مجھے گرفتار کرنا چاہتی ہے تو کر لے، مجھے کوئی ڈر نہیں ہے۔
زمان پارک لاہور میں سینئر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے سابق وزیرا عظم نے کہا کہ نیوٹرلز سے کیوں لڑوں گا۔ میں نے کون سی ریڈ لائن عبور کی ہے۔ صاف شفاف الیکشن کے بغیر ملک بحران سے نہیں نکلے گا۔ تگڑی عوامی حکومت بنے گی تو ملکی معیشت چلے گی۔ حکمرانوں سے تو کوئی بات کرنے کو بھی تیار نہیں۔
عمران خان نے کہا کہ اگر ضمنی انتخاب میں دھاندلی کی تو یہ ملک کا اور نقصان کریں گے۔ مجھے کیا ہے میں تو اور انتظار کر لوں گا، نقصان ملک کا ہوگا۔ ان چوروں سے کبھی اتحاد نہیں کروں گا، چاہے اپوزیشن میں بیٹھنا پڑے ۔جو بات کرنا چاہتا ہے دروازے کھلے ہیں۔ پیپلز پارٹی کے ساتھ بیٹھنے سے ہزار درجے بہتر ہے میں اپوزیشن میں بیٹھ جاؤں۔ کسی بیرونی اور اندرونی طاقت کے ذریعے کوئی بیک ڈور رابطہ نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت تباہ کرنے والوں نے 1100 ارب روپے کا این آر او لیا۔ نیوٹرلز سے بات ہوئی تو ایک ہی مؤقف ہے کہ فری اینڈ فیئر الیکشن ہو۔چوروں سے کبھی اتحاد نہیں کروں گا۔ اس بار حکومت میں ایک ایشو رہا مختلف چھوٹی جماعتیں بلیک میل کرتی رہیں۔