فیصل آباد: وفاقی وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ سب سے بڑے فسادی اور فتنے کا ہم نے بڑا اچھا علاج کیا، اس علاج کی وجہ سے وہ اسلام آباد میں ٹھہر نہیں سکا،
عیدالاضحیٰ کی نماز ادا کرنے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ اس فسادی ٹولے نے ملک کو تباہ کرنے کی کوشش کی لیکن ہماری کوشش ہے ملک اب بہتری کی طرف جائے تاکہ عوام کو ریلیف ملے، ایسا ٹولہ جو ملک کی تباہی کیلئے آیا تھا اسے ہم نے ناکام بنا دیا ہے۔
پاکستان اس وقت معشیت کے لحاظ سے مشکل ترین صورتحال سے گزر رہا ہے، ملک کی خاطر ہمیں مشکل فیصلے کرنے پڑ رہے ہیں جس کی وجہ سے ملک بہتری کی طرف جا رہا ہے۔ ملک پر انتقامی کارروائیوں کے علاوہ کچھ نہ کرنے والا گروہ مسلط تھا، پونےچار سال تک یہ نااہل ٹولہ ملک پر مسلط رہا ہے۔
رانا ثنا اللہ نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف نے ہمیں تگنی کا ناچ نچانے کے باوجود قرض کے لیے قسط جاری نہیں کی۔ آئی ایم ایف کی ہم نے وہ بھی شرائط مان لیں جس کے حق میں نہیں تھے، آئی ایم ایف کو چاہیے قسط فوری جاری کر دے تاکہ مشکل حالات سے نکلا جائے۔