کراچی:شہر قائد میں گزشتہ شب سے آج دوپہر تک مختلف علاقوں میں جاری شدید بارش اور اس کے نتیجے میں بیشتر علاقوں کے میں پانی جمع ہونے کے بعد محکمہ موسمیات کی جانب سے جمعرات کے دن سے مزید تیز بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ بارشوں کا ایک اور مضبوط سسٹم کراچی کی جانب بڑھ رہا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق محکہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ حالیہ بارشوں کے سسٹم کا پھیلاؤ کراچی اور زیریں سندھ پر اب بھی موجود ہے، شہر میں کبھی تیز اور کبھی معتدل بارش ہورہی ہے۔ چیف میٹرو لوجسٹ سردار سرفراز کے مطابق 14 جولائی کی شام سے ایک اور سسٹم سندھ میں داخل ہونے کی توقع ہے۔
محکمے کےمطابق مون سون بارشوں کا سبب بننے والا نیا سسٹم 18 جولائی تک اثرانداز رہے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پہلے سسٹم کی طرح یہ مون سون سلسلہ بھی مضبوط ہوگا جس کے تحت تیز اور موسلادھار بارش کا امکان رہے گا۔