وزیر اعظم شہباز شریف نے کراچی میں تباہ کن بارشوں کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کے لیے 10 لاکھ روپے فی کس امداد اور شہریوں کے نقصانات کا تخمینہ لگا کر زر تلافی کرنے کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف اور کنوینر ایم کیو ایم پاکستان ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا، اس دوران کراچی میں بارشوں سے پیدا ہونے والی صورتحال پر گفتگو ہوئی، ٹیلی فونک بات چیت کے دوران وزیراعظم نے شہر قائد کے شہریوں کے جانی و مالی نقصانات پر گہرے رنج و غم کا اظہار بھی کیا۔
بتایا گیا ہے کہ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے وزیراعظم سے مشکل حالات میں کراچی کے شہریوں کی داد رسی کا مطالبہ کیا جس پر انہوں نے بارشوں میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کے لیے فی کس 10 لاکھ روپے کی امداد دینے کا اعلان کیا، اس کے علاوہ وزیر اعظم نے بارشوں میں ہونے والے شہریوں کے نقصانات کا تخمینہ لگا کر زر تلافی کرنے کا بھی اعلان کیا۔
