اسلام آباد:دفتر خارجہ کے ترجمان عاصم افتخار نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے او آئی سی کے بیان پر بھارتی ترجمان کے تبصرے مضحکہ خیز ہیں، پاکستان نے جھوٹے دعوے مسترد کردیئے، انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کرنے والوں کی جانب سے دوسروں پر انگلیاں اٹھانا شرمناک ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کے غیرقانونی زیر قبضہ کشمیر میں 5 اگست 2019 کے اٹھائے گئے، ہندوتوا کے راستہ پر گامزن حکومت کی جانب سے دوسروں پر تعصب یا فرقہ وارانہ ایجنڈا کا الزام لگانا حیران کن ہے، جموں کشمیر نہ کبھی ہندوستان کا حصہ تھا اور نہ ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ایک بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ متنازع علاقہ ہے،انہوں نے کہا کہ ہندوتوا کے ایک بے باک پیروکار کی جانب سے دوسروں پر تعصب اور فرقہ وارانہ ایجنڈا الزام لگانا واقعی حیران کن ہے۔
عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کرنے والے اور ریاستی دہشت گردی کو فروغ دینے والے کی طرف سے اس بے باکی سے دوسروں پر انگلیاں اٹھانا خوفناک ہے، او آئی سی اسلامی ممالک کا سب سے بڑا کثیرالجہتی فورم ہے جو ایک ارب 70 کروڑ مسلمانوں کی نمائندگی کرتا ہے جو ہمیشہ کشمیری عوام کے جائز حقوق کی حمایت میں آواز اٹھاتا رہا ہے جو بھارت کے سات دہائیوں سے زائد غیرقانونی قبضہ اور بے دریغ جبر کا ناقابل بیان نقصان اٹھا چکے ہیں۔

