English Al Qamar Urdu جون 29, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

بلوچستان: بارشوں اور سیلاب سے ،2 لیویز افسران سمیت مزید 12 افرادجاں بحق

القمر

کوئٹہ:  بلوچستان میں موسلا دھار بارشوں اور سیلاب سے تباہی کا سلسلہ جاری ہے اور توبہ اچکزئی، موسی خیل اور وشوک کے علاقوں میں2 لیویز افسران سمیت مزید 12 افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ متعدد افراد پہاڑی ندی نالوں میں بہہ گئے جو تاحال لاپتہ ہیں۔

تفصیلات کے مطابق موسی خیل کے علاقے میں سیلاب ایک اور ڈیم بہا لے گیا، دو لیویز ا فسران وشوک سے اپنی گاڑی میں واپس آتے ہوئے سیلابی ریلے میں بہہ گئے، بعد میں ان کی لاشیں نکال لی گئیں۔سبی اور ڈیرہ مراد جمالی کے درمیان مرکزی ٹریک سیلابی پانی میں بہہ جانے سے کوئٹہ اور ملک کے دیگر حصوں کے درمیان ٹرین سروس معطل ہے۔

حکام نے بتایا کہ موسی خیل، نصیر آباد، واشک، ڈیرہ بگٹی، کوہلو، بارکھان، ژوب، سبی اور ہرنائی کے اضلاع میں موسلادھار بارش نے موسی خیل میں بڑے پیمانے پر تباہی مچائی کیونکہ موسمی ندی نالوں میں آنے والے سیلاب سے کئی دیہات بہہ گئے اور سینکڑوں لوگ بے گھر ہو گئے۔ موسی خیل کے ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ اندرپوس بند ٹوٹنے سے 12سے زائد افراد سیلابی پانی میں بہہ گئے، اب تک ریسکیو ٹیموں نے آٹھ لاشیں نکال لی ہیں، راشام کے علاقے میں گھر کی چھت گرنے سے دو بچے جاں بحق ہو گئے۔

 حکام نے بتایا کہ موسی خیل میں سڑکوں کا نیٹ ورک اور مواصلاتی نظام بری طرح متاثر ہوا ہے جبکہ ضلع میں بجلی کی فراہمی معطل ہے،موسی خیل میں سیلابی ریلوں سے 100 سے زائد مکانات گرگئے۔ تحصیل تلی کا ایک گائوں حفاظتی بند ٹوٹنے کی وجہ سے زیر آب آ گیا جس سے علاقے کے لوگ اپنا گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہو گئے۔

سبی کے ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ایک اور حفاظتی بند ٹوٹنے کے سبب مل گھشکوری اور ہمبی گائوں بھی متاثر ہوئے، دونوں دیہاتوں میں 60 مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔ ادھر سبی، جیکب آبادریلوے ٹریک زیر آب آگیا جب کہ مسافروں کو گاڑیوں کے ذریعے سبی ریلویاسٹیشن پہنچایا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے