English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

پاکستان میں خاندانی نظام کو تباہ کرنے کی سازش کی گئی، سراج الحق

القمر

لاہور: امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتوں نے دعوؤں اور اعلانات کے باوجود کبھی خواتین کو ان کے حقوق نہیں دیے۔ اسلامی نظام ہی عورتوں کے تمام حقوق اور عزت کا ضامن ہے۔ عورت جتنی مظلوم آج ہے پہلے نہ تھی۔ ظالم سرمایہ دارانہ نظام اور اس کے وفاداروں نے عورت کو بنیادی حقوق سے محروم کر رکھا ہے۔ پاکستان میں خاندانی نظام کو تباہ کرنے کی سازش کی گئی۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ خواتین کو وراثت میں حصہ نہیں ملتا۔ ونی، کاروکاری اور قرآن سے شادی کی مکروہ رسمیں آج بھی جاری ہیں۔ جاگیرداروں اور وڈیروں نے عورت کو باندی بننے پر مجبور کر دیا ہے۔ خواتین اپنے حقوق کے لیے آواز اٹھائیں اور دلیل کی قوت سے مغربی کلچر کی یلغار کے خاتمے کے لیے کردار ادا کریں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے منصورہ میں جماعت اسلامی حلقہ خواتین کی ذمہ داران کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ مہنگائی نے تمام ریکارڈ توڑ دیے، اشیائے خوردونوش کے نرخ سن کر لوگوں کے ہوش اڑ جاتے ہیں۔ ملک میں جاری مہنگائی اور بدامنی کی لہر سے کروڑوں خواتین متاثر ہیں۔ غربت کی وجہ سے لوگوں کے پاس بچیوں کو سکولوں میں بھیجنے کے وسائل نہیں۔ خواتین کو صحت کی سہولیات کی عدم دستیابی سب سے بڑا مسئلہ ہے۔

ان کاکہنا تھاکہ پاکستانی عورت اپنا حق مانگ رہی ہے، اسے باعزت روزگار، تعلیم اور صحت کی سہولیات دی جائیں۔ الیکشن کمیشن عورتوں کی تعداد کے لحاظ سے ان کے ووٹوں کے اندراج کو یقینی بنائے۔ عورتوں کے لیے علیحدہ یونیورسٹیاں بنائی جائیں، ریاست بچیوں کی مفت تعلیم کا بندوبست کرے۔ عورتوں کی ہراسگی کے واقعات کے خاتمہ کے لیے سخت قوانین بنائے جائیں، ریپ کے مجرموں کو سرعام لٹکایا جائے۔ فرسودہ اور شیطانی رسومات کا خاتمہ ہونا چاہیے۔ ملک مغربی کلچر کی یلغار کی زد میں ہے، فحاشی و عریانی کے کلچر کی روک تھام کے لیے میڈیا کردار ادا کرے۔

سراج الحق کا کہناتھا کہ ملک میں چار ہزار کے قریب خواتین لاپتا ہیں۔ ڈاکٹر عافیہ صدیقی سالہاسال سے امریکا کی قید میں ہے، بزدل حکمرانوں میں اسے واپس لانے کی جرأت نہیں۔ کشمیر میں مسلمان بیٹیوں ،بہنوں پر ظلم ہو رہا ہے،حکمران خاموش تماشا دیکھ رہے ہیں۔

امیر جماعت کا کہنا تھا کہ نام نہاد جدید معاشرہ میں عورت کو حقوق کے نام پر بنیادی حقوق سے محروم کر دیا گیا۔ جدیدیت اور مادیت پرستی کے دور میں خواتین کو بازار کی زینت اور بکائو مال کے طور پر پیش جاتا ہے اور انھیں بے پردگی اور گھر سے نکلنے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔ مغربی نظام نے عورت کو رسوا کیا، یورپ میں خواتین کے خلاف گھنائونے جرائم کا ارتکاب ہو رہا ہے۔ چند ماہ قبل امریکا کی نائب صدر نے خود اعتراف کیا کہ وہ عورت ہونے کے ناطے امریکی معاشرہ میں اپنے آپ کو محفوظ تصور نہیں کرتی۔  اسلام عورت سمیت انسانیت کے حقوق کے تحفظ کی ضمانت فراہم کرتا ہے۔ ملک کو سازش کے تحت اسلامی نظام سے محروم رکھا گیا۔ جماعت اسلامی ملک میں قرآن و سنت کے نظام کے مطالبے کے تحت جدوجہد کر رہی ہے۔اللہ تعالیٰ نے ہمیں اقتدار دیا، تو عورتوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنائیں گے۔

#/S

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے