English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

 پیپلز پارٹی کو اپنے عوام کا احساس ہے، سید مراد علی شاہ

القمر

ٹھٹھہ: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کو اپنے عوام کا احساس ہے، انہیں کسی صورت بھی بے یارو مدد گار نہیں چھوڑا جائے گا۔

سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی خصوصی ہدایات پر سب سے پہلے صوبہ سندھ کے بارش متاثرہ علاقوں کے عوام کو ریسکیو کرکے انہیں اشیاء خورونوش، پینے کے صاف پانی، خیمے، مچھرانیوں اور صحت کی سہولیات کی فراہمی سمیت ہر قسم کا ریلیف دینے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں تاکہ انہیں مشکلات سے بچایا جا سکے۔

ان کا کہنا تھاکہ مجھ سمیت کابینہ کے تمام وزراء، ایم پی ایز، ایم این ایز، ضلعی انتظامیہ اور تمام متعلقہ محکموں کے افسران موجودہ صورتحال میں عوام کے ساتھ ہیں اور ان کی ہر طرح سے مدد کیلئے ہمہ وقت مصروف عمل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کو اپنے عوام کا احساس ہے، انہیں کسی صورت بھی بے یارو مدد گار نہیں چھوڑا جائے گا اور ہر ممکن مدد سمیت تمام سہولیات کی فراہمی میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈپٹی کمشنر آفس ٹھٹھہ کے احاطے میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

وزیر اعلی سندھ کا کہنا تھا کہ میرے دورے کا مقصد علاقوں میں پہنچ کر لوگوں کے مسائل سننا اور ان کو حل کرنا ہے۔ انہوں نے کہا گذشتہ 2010 کے سیلاب کے دوران بھی پیپلز پارٹی کی حکومت کی جانب سے کو چیئرمن آصف علی زرداری کی ہدایات پر لوگوں کی مالی مدد کیلئے وطن کارڈ جاری کرنے سمیت تمام سہولیات فراہم کی گئی تھیں جبکہ اب بھی متاثرہ لوگوں کے مکانات، فصلوں اور مویشیوں سمیت تمام نقصانات کی تفصیلات اکٹھی کی جا رہی ہیں تاکہ ان کے نقصانات کا جلد ازالہ کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں بھی شامل کرکے متاثرین کی مالی مدد کو یقینی بنایا جا سکے۔ 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے