اسلام آباد: پاکستان نے حالیہ دہشت گردی سے متعلق جھوٹے بھارتی الزامات کو سختی سے مسترد کردیا۔
ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے ایک بیان میں بھارتی الزامات کے جواب میں کہا ہے کہ پاکستان دہشت گردی سے متعلق بھارت کے جھوٹے دعوﺅں کو سختی سے مسترد کرتا ہے، ان دعوﺅں میں کچھ علیحدہ مبینہ واقعات کو توڑ مروڑ کر پیش کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کیخلاف منظم دہشت گردی کے بیانیے کو ہندوستانی میڈیا نے آگے بڑھایا۔ہندوستانی میڈیا کے مطابق پاکستانی واٹس ایپ نمبر سے ایک پیغام کو روکا گیا۔مہاراشٹر میں ایک خالی کشتی کو کچھ ہتھیاروں کے ساتھ قبضے میں لے لیا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارتی میڈیا نے دھوکہ دہی کے ساتھ ان کو نام نہاد ممبئی طرز کے حملے کی منصوبہ بندی سے متعلق مضحکہ خیز دعوﺅں سے جوڑنے کی کوشش کی۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ اس کے علاوہ، بھارتی میڈیا نے یہ بھی رپورٹ کیا بھارتی انٹیلی جنس اور سرحدی فورسز راجوری سے متصل سرحدوں پر ‘سرحد پار سے ممکنہ دراندازی’ کی کوششوں کے خلاف ہائی الرٹ پر تھیں۔
