اسلام آباد: پاکستان اور اقوام متحدہ نے عالمی برادری سے سیلاب متاثرین کی مدد کیلیے اپیل کر تے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو عالمی برادری کی مدد کی ضرورت ہے۔ سیلاب سے گھروں، فصلوں اور لائیو اسٹاک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے ، عالمی برداری پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کرے۔ پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی کے شدید اثرات کا سامنا ہے، امید ہے عالمی برادری پاکستان کی مدد کیلئے آگے بڑھے گی۔
پاکستان میں سیلاب زدگان کی ہنگامی امداد کیلئے دفتر خارجہ میں تقریب کا انعقاد کیا گیا، چیئرمین این ڈی ایم این اے لیفٹیننٹ جنرل اختر نواز نے تقریب کے دوران سیلاب کی تباہ کاریوں پر مکمل بریفنگ دی ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ وچیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ رواں سال ہونے والی مون سون بارشیں غیر معمولی ہیں، موسمیاتی تبدیلی کے باعث رواں سال پاکستان میں ہیٹ ویو نے تمام ریکارڈ توڑ دیئے ۔موسمیاتی تبدیلی کے باعث پاکستان کو شدید بارشوں اورسیلاب کا سامنا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان گلوبل وارمنگ کی وجہ سے براہ راست متاثر ہورہا ہے ، 72اضلاع میں 3کروڑ افرادکو سیلاب کی صورتحال کا سامنا ہے ، بارشوں اور سیلاب سے قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع ہوا ، جبکہ لائیو سٹاک اور فصلوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ سیلاب متاثرین کو صاف پانی اور کھانے کی اشیاءتک رسائی مشکل ہوگئی ہے ، بارشوں اور سیلاب سے معیشت کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا ۔ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے متاثرین کو امداد دی جارہی ہے ۔ ہمیں عالمی برادری کی طرف سے فوری امداد کی ضرورت ہے ۔امداد اورتعاون پر تمام عالمی داروں اور دوست ممالک کے شکر گزار ہیں۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا کہ بارشوں اورسیلاب سے پاکستان میں بہت تباہی ہوئی ہے ، سیلاب متاثرین کیلئے پاکستان کو امداد کی ضرورت ہے ۔اقوام متحدہ نے پاکستان کیلئے 160 ملین ڈالر کی امداد کی اپیل ہے ۔امیدہے کہ حکومت پاکستان سیلاب متاثرین کیلئے فوری طور پر ریلیف اور امدادی سرگرمیوں میں ان کو سہولیات میسر کرے گی ۔ پاکستان میں سیلاب سے انفراسٹرکچر تباہ ہوچکا ہے ۔
پاکستان میں اقوام متحدہ کے ریذیڈنٹ کوآرڈینیٹر جولیان ہارنس نے کہا کہ میں نے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا ۔ حالیہ سیلاب نے لاکھوں افراد کو متاثر کیا ہے ،بے نظیر انکمسپورٹ پروگرام نے ہزاروں افراد کی مدد کی ۔ ہم این ڈی ایم اے کے ساتھ مل کر سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے کام کررہے ہیں۔
