کراچی:انگلش اسکواڈ کو کراچی میں صدرمملکت کے برابر سیکیورٹی فراہم کی گئی جب کہ چھتوں پر اسنائپرز ومشین گنز اٹھائے گارڈز کی موجودگی میں بلٹ پروف بسوں میں سفر مہمان کرکٹرز کیلئے ایک منفرد تجربہ ثابت ہوا،17سال بعد پاکستان آنے والی انگلش ٹیم کو کراچی میں صدرمملکت کے برابر سیکیورٹی فراہم کی گئی ہے،
نجی ٹی وی کے مطا بق سفر کیلئے پی سی بی نے لاہور سے بلٹ پروف بسیں پہلے ہی پہنچا دی تھیں، ایئرپورٹ سے ہوٹل آمد اور گذشتہ روز ہوٹل سے اسٹیڈیم آنے اور جانے کے دوران سخت ترین حفاظتی انتظامات کئے گئے تھے،ٹیم کے روٹ پر اطراف کی چھتوں پر اسنائپرز مستعد رہے،مشن گنز اٹھائے گارڈز نے بھی حصار قائم رکھا،ہوٹل کے آس پاس 300کے قریب اہلکار ڈیوٹی دے رہے ہیں
نجی ٹی وی کے مطا بق شہر کے مختلف علاقوں، خاص طور پر ٹیم کے روٹ اور اسٹیڈیم کے اطراف میں سادہ کپڑوں میں موجود سیکیورٹی اہلکار بھی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں،سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے مانیٹرنگ ہو رہی ہے، میچ کے دن کئی سٹرکیں معمول کی ٹریفک کے لئے بند بھی کی جائیں گی۔
انگلش کپتان جوز بٹلر کا کہنا تھا کہ بظاہر یہ کچھ زیادہ ہی لگتا ہے، بہرحال اس کا مقصد تمام سرگرمیوں کو محفوظ انداز میں مکمل کرنا ہوگا،ماحول معمول سے ہٹ کر ہونا کھلاڑیوں کیلئے پہلا بڑا چیلنج ہے مگر 1،2روز میں عادی ہونے پر پوری توجہ صرف کرکٹ پر مرکوز ہوگی۔
پی ایس ایل میں شرکت کرنے والے انگلش آل رائونڈر کرس جورڈن نے کہا کہ پاکستان کرکٹ برادری کا اہم رکن ہے، شائقین کو انٹرنیشنل میچز دیکھنے کا موقع ملنا چاہیے، مہمان کرکٹرز کا اچھا وقت گزرے گا، پچز بھی اچھی ہیں،بہترین کرکٹ دیکھنے کو ملے گی،یاد رہے کہ انگلی فریکچر ہونے کی وجہ سے کرس جورڈن انگلش اسکواڈ کا حصہ نہیں ہیں۔
