English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

جماعت اسلامی نے لیکس پر جوڈیشل انکوائری کا مطالبہ کر دیا

القمر

لاہور: امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ لیکس کے ذریعے حکمرانوں کے بھیانک چہرے بے نقاب ہورہے ہیں۔

 عوام ان کے کالے کرتوت جان لیں اور ان ظالموں کو پہچان لیں ۔ مسلم لیگ نون، پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف سب ایک ہی تھالی کے چٹے بٹے ہیں۔ ان کو نجات دہندے سمجھ کر ووٹ ڈالنے والے آئندہ عام انتخابات میںمحب وطن اور ایماندار قیادت کاساتھ دیں۔ جماعت اسلامی تمام لیکس کی جوڈیشنل انکوائری کا مطالبہ کرتی ہے۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزمختلف تقریبا ت سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا امریکی سازش کا بیانیہ بھی قوم پر آشکار ہوچکا ہے۔ قوم کو گمراہ کرنے کا سلسلہ اب ختم ہو نا چاہئے۔ حساس معاملات کو ملکی سیاست کا حصہ بنانا درست اقدام نہیں۔ اپنے اقتدار کو بچانے کے لیے ، حساس نوعیت کے قومی معاملات اور بیرونی دنیا کے ساتھ تعلقات کو دائو پر لگا دینا ملک دشمنی ہے۔

 انہوں نے کہا کہ انتشار اور افراتفری کی طرف ملک کو دھکیلنے کی سوچی سمجھی سازش ہورہی ہے۔اقتدار کے حصول کی دوڈ میں شامل جماعتوں کو عوامی مسائل سے کوئی غرض نہیں ۔ ملک کے چار کروڑ افراد سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں ، عوام مہنگائی کے ہاتھوں مجبور ہو کر خودکشیاں کررہے ہیںمگر مجال ہے کہ کسی بھی بڑی سیاسی جماعت کے نام نہاد قومی لیڈر کو یہ احساس ہوا کہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے۔

محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ جماعت اسلامی کسی کوبھی ملک و قوم مستقبل، اسلامی تشخص اور سلامتی کے ساتھ کھیلنے کی اجازت نہیں دے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے