لاہور: پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلی جانے والی سات میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کے آخری اور فیصلہ کن میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو 67 رنز سے شکست دے کر سیریز 3-4 سے اپنے نام کرلی۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔انگلش ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 3وکٹوں کے نقصان پر 209 رنز بنائے، ڈیوڈ ملان 78 رنز بناکر نمایاں رہے۔
پاکستان کے خلاف انگلینڈ کی ٹیم کا آغاز اچھا رہا، دونوں اوپنرز نے 39 رنز کی شراکت داری بنائی لیکن پھر ایلکس ہیلز 18 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
انگلش ٹیم کو دوسرا نقصان فل سالٹ کی صورت میں اٹھانا پڑا، وہ 20 رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے، اس کے علاوہ بین ڈکٹ 30 رنز پر پویلین لوٹے۔
پاکستانی ٹیم مقررہ اوورز میں آٹھ کھلاڑیوں کے نقصان پر 142 رنز بنا سکی۔ آل راؤنڈر شاداب خان فیلڈنگ کے دوران ہیمسٹرنگ اسٹرین کا شکار ہوئے جس کے باعث وہ میچ میں بیٹنگ کرنے نہیں آسکے.
