نئی دہلی: بھارت میں پہلے دیسی ساختہ ہلکے جنگی ہیلی کاپٹروں کی کھیپ فضائیہ (آئی اے ایف) میں شامل کردی گئی ہے۔
خبر رساں اداروں کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ ہیلی کاپٹروں کی شمولیتی تقریب کا انعقاد پیر کے روز بھارت کی مغربی ریاست راجستھان کے ائر فورس اسٹیشن جودھ پورمیں کیا گیا جس میں بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے بھی شرکت کی۔
بنیادی طور پر اونچائی والے علاقوں میں تعیناتی کے لیے ڈیزائن کیے گئے ہلکے جنگی ہیلی کاپٹرمتعدد اقسام کے میزائل اور دیگر ہتھیار فائر کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
راج ناتھ سنگھ نے انکشاف کیا کہ ہیلی کاپٹر کا نام پراچند رکھا گیا ہے جس کا مطلب غضبناک ہے۔حکام نے بتایا کہ اسٹیلتھ فیچرز سے لیس ہلکا جنگی ہیلی کاپٹر دنیا کا ایک ایسا حملہ آورہیلی کاپٹر ہے جو ہتھیاروں اور ایندھن کے کافی بوجھ کے ساتھ 5 ہزار میٹر کی بلندی پر لینڈ اور ٹیک آف کرسکتا ہے۔
