English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

نااہل حکمرانوں سے منصب چھین لینا سب سے بری جدوجہد ہے، حافظ نعیم الرحمٰن

القمر

امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ نااہل حکمرانوں سے منصب چھین لینا سب سے بری جدوجہد ہے۔

حلقہ خواتین جماعت اسلامی کراچی کے تحت پی ای سی ایچ ایس کمیونٹی ہال میں سیرت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا تھا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت مبارکہ ہم سب کے لیے قابل تقلید ہے ۔ آپؐ نبوت ملتے ہی کارنبوت پر استقامت سے ڈٹے رہے۔ آپؐ نے اسلام کے نفاذ کے لیے طویل اور ان تھک جدوجہد و محنت کی، جس کے بعد اسلامی ریاست قائم ہوئی اور پوری دنیا میں اسلام کا نام روشن ہوا۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا مشن یہی تھا کہ اللہ کی زمین پر اللہ کا نظام نافذ کرنا ہے۔نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت کو سامنے رکھتے ہوئے اپنی زندگی کو اس کے مطابق ڈھالنا ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اسلامی ریاست کے قیام کے بعد بین الاقوامی سطح پر دین کی دعوت دی۔اسلام چند ظاہری چیزوں پر عمل کرلینے کا نام نہیں۔معاشرے کو اسلام کی جزیات پر مصروف کرکے فروعات کی بحث پر لگادیا گیا ہے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ اسلام ایک ریاست اور بالادستی کا نام ہے۔ اسلام تعلیم و تہذیب میں سب کو برابر کے مواقع دیتا ہے۔اسلام کی وہی تشریح کرنی چاہیے جو اسلام کا حسن ہے، چھوٹی چھوٹی چیزوں پر اسلام کو تقسیم نہیں کیاجاسکتا۔ شہر کے حالات پر اظہار خیال کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ آئے روز شہر میں اسٹریٹ کرائمز کی وارداتیں ہورہی ہیں۔ دن دیہاڑے شہریوں کو لوٹ کر ان کا قتل کردیا جاتا ہے۔ غلام ابن غلام ہم پر مسلط ہیں جنہیں اسلام سے کوئی غرض نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب نظام پورا کا پورا تلپٹ ہو تو ہر انسان کو اختیار ہے کہ وہ اپنے دائرے میں رہ کر کام کرے۔ ہمیں ایسے نظام کی ضرورت نہیں جس میں عوام کی جان و مال محفوظ نہ ہو۔ امریکا کے کہنے پر ایف اے ٹی ایف اور ٹرانس جینڈر بل پاس کرنا ہو تو سب ایک ہوجاتے ہیں۔ آئی ایم ایف کی غلامی میں تمام حکومتی جماعتیں ایک ہیں۔ عوام ایسے لوگوں کو اپنا حکمران نہ بنائیں جنہیں عوام کے بجائے امریکا اور یورپ کی طرف دیکھنا ہو۔ نا اہل حکمرانوں سے منصب چھین لینا سب سے بڑی جدوجہد ہے۔

حافط نعیم الرحمن نے کہا کہ 75 سال سے ملک پر بااثر طبقات حکمران ہم پر مسلط ہیں۔ آج تک کوئی بھی ایسا حکمران نہیں آیا جس نے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کام کیا ہو۔عوام حق اور سچ کا ساتھ دیں اور جماعت اسلامی کو اقتدار میں لے کر آئیں۔ عوام نے جب بھی جماعت اسلامی پر اعتماد کیا ، جماعت اسلامی نے بھرپور خدمت کی اور دین کی بالادستی کے لیے جدوجہد کی۔  جماعت اسلامی سیاست  عبادت سمجھ کر کرتی ہے۔  آج نااہل حکمرانوں نے سیاست کو بھی گالی بنادیا یے۔سندھ حکومت بلدیاتی انتخابات سے فرار کا راستہ اختیار کرنا چاہتی ہے۔شہر قائد کی سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں، عوام پریشان حال ہیں جب کہ بڑھتے ہوئے اسٹریٹ کرائمز نے شہریوں کی زندگی خطرے میں ڈال رکھی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے