اسلام آباد: برطانیہ کی جانب سے پاکستان میں سیلاب متاثرین کی امداد اور بحالی کے لیے مزید 10 ملین پانڈ امداد کا اعلان کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق برطانیہ نے پاکستان کو سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کے لیے مزید 10 ملین پاونڈ فراہم کرنے کا اعلان کر دیا، اس سلسلے میں برطانیہ کے وزیر مملکت برائے جنوبی ایشیا لارڈ طارق احمد پاکستان پہنچ گئے۔
برطانوی وزیر اپنے دورے میں اہم حکومتی شخصیات، کمیونٹی لیڈرز اور امدادی ایجنسیوں سے ملاقات کریں گے۔ برطانوی ہائی کمیشن نے اضافی امداد کے سلسلے میں کہا ہے کہ برطانیہ تباہ کن سیلاب کے بعد پاکستان کو مزید انسانی امداد فراہم کر رہا ہے، پاکستان میں تباہ کن سیلاب سے ایک ہزار سے زائد افراد جاں بحق اور 33 ملین سے زائد افرادمتاثر ہوئے ہیں۔
ومبلڈن کے ایف سی ڈی او منسٹر لارڈ طارق احمد نے مزید 10 ملین پانڈ کی انسانی امداد کا اعلان کیا ہے، جس سے برطانیہ کی جانب سے دی گئی کل امداد 26.5 ملین پانڈ ہو گئی ہے۔ برطانوی ہائی کمیشن کے مطابق اضافی امداد فوری طور پر زندگی بچانے کی ضروریات پر خرچ کی جائے گی، جس میں پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں سے بچنے کے لیے پناہ گاہیں، پانی اور صفائی ستھرائی کی فراہمی شامل ہیں۔
