اسلام آباد: ترجمان دفترخارجہ عاصم افتخار نے کہا ہے کہ طالبان کی عبوری افغان حکومت فوری طور پر تسلیم کرنے کا کوئی منصوبہ زیر غور نہیں ،پاکستان اور عالمی برادری اس سلسلے میں مشاورت کر رہے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ قازقستان میں ہونے والے ایشیا میں روابط اور اعتماد سازی کے اقدامات سے متعلق سربراہی اجلاس (سیکا) میں وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان کی اہم ترجیحات بالخصوص موسمیاتی تبدیلی پر عمل، امن کے مقاصد کو فروغ دینے کے لیے باہمی تعاون، معاشتی ترقی، تجارت اور سرمایہ بڑھانے اور خطے میں تعلقات بہتر کرنے اور مسلئہ کشمیر پر اظہار خیال کیا۔
ترجمان نے کہا کہ اس دوران سیکا اراکین نے پاکستان میں موسماتی تبدیلی کے باعث آنے والے تباہ کن سیلاب سے ہونے والے نقصانات پر اظہار یکجہتی کرتے ہوئے پاکستان میں تعمیر نو، امداد اور بحالی کی کوششوں میں مدد کا مطالبہ بھی کیا۔
ترجمان نے کہا کہ ہندو برادری کے حالیہ مذہبی تہواروں کے دوران بھارت میں ہندوتوا انتہا پسندوں کی طرف سے مسلمانوں کے خلاف تشدد کے واقعات انتہائی تشویش ناک ہیں۔
