آسٹریلیا:آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے پہلے مرحلے کے کوالیفائنگ راؤنڈ میں دوسرا اپ سیٹ ہوا ہے اور اسکاٹ لینڈ نے ویسٹ انڈیز کو 42 رنز سے شکست دے دی۔
اسکاٹ لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 160 رنز اسکور کیے اور مقابل ٹیم کو 161 کا ٹارگٹ دیا۔
ویسٹ انڈین ٹیم ہدف کے تعاقب میں صرف 118 رنز بنا سکی جب کہ تمام کھلاڑی آؤٹ ہوگئے۔
اسکاٹ لینڈ کی جانب سے مارک واٹ نے عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے صرف 12 رنز کے عوض تین وکٹیں لیں جبکہ مائیکل لیسک اور بریڈ وہیل نے دو، دو وکٹیں لیں۔
نصف سنچری اسکور کرنے پر جیارج مُنسے کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
واضح رہے کہ یہ ورلڈ کپ میں لگاتار دوسرے دن سابق عالمی چیمپیئن ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پرا ہے۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے پہلے مرحلے میں کوالیفائنگ میچز کھیلے جارہے ہیں، ٹورنامنٹ کے لیے کُل 8 ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔
پہلے مرحلے کے اختتام پر چار ٹیمیں مین راؤنڈ سپر 12 کے لیے کوالیفائی کریں گی، سپر 12 راؤنڈ کا آغاز 22 اکتوبر سے ہو گا۔
پہلے راؤنڈ میں نمیبیا، نیدر لینڈز، سری لنکا اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) گروپ اے جب کہ آئر لینڈ، زمبابوے، ویسٹ انڈیز اور اسکاٹ لینڈ گروپ بی میں شامل ہیں۔
اس سے قبل گزشتہ روز نمیبیا کی ٹیم نے سابق ٹی20 چیمپیئن سری لنکا کو 55 رنز سے شکست دے کر بڑا اپ سیٹ کیا تھا۔
