اسلام آباد: صدر مملکت کی ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات، بیرونی خطرے سے نمٹنے کے لیے آپریشنل تیاریوں پر بریفنگ دی گئی۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق صدر ڈاکٹر عارف علوی نے سربراہ پاک فضائیہ سے ان کے دفتر میں بدھ کے روز ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران صدرِ پاکستان کو پاک فضائیہ کی آپریشنل صلاحیتوں اور قومی سلامتی کو لاحق کسی بھی بیرونی خطرے سے نمٹنے کے لیے کی گئی آپریشنل تیاریوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
ترجمان کے مطابق ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے پاک فضائیہ کے ایرو اسپیس، سائبر، آئی ٹی اور آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے شعبوں میں قائم شدہ اور نئی ابھرتی ہوئی ڈسرپٹو ٹیکنالوجیز کی ملکی سطح پر صلاحیتوں میں اضافے کے جامع منصوبے پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر صدر مملکت نے کہا کہ ملک کو اپنی بہادر مسلح افواج پر فخر ہے، ملک کے دفاع کی ذمیداری کے ساتھ ساتھ قدرتی آفات سے نمٹنے میں حکومت پاکستان کو تعاون فراہم کرنے پر پاک فضائیہ کی کاوشیں قابل تعریف ہیں۔ پاک فضائیہ انسانی وسائل، تکنیکی، آپریشنل اور صنعتی شعبوں میں ترقی و برتری حاصل کرنے کی راہ پر تیزی سے گامزن ہے۔ صدر عارف علوی نے کہا کہ پاک فضائیہ قوم کا سرمایہ افتخار ہے۔
