کراچی: نیشنل بنک آف پاکستان نے نیشنل اسٹیڈیم، کراچی کے نام کے حقوق حاصل کرلیے،اس طرح یہ مقام اب نیشنل بینک کرکٹ ایرینا کے نام سے پکارا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ اور نیشنل بینک آف پاکستان کے درمیان ملک کے سب سے مشہور ٹیسٹ وینیوز میں سے ایک، کراچی میں نیشنل اسٹیڈیم کے نام کے حقوق کے لیے پانچ سالہ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کر دیے گئے، اس طرح یہ مقام اب نیشنل بینک کرکٹ ایرینا کے نام سے پکارا جائے گا۔نام کے حقوق کے معاہدے کے علاوہ پی سی بی اور این بی پی ملک بھر میں نچلی سطح پر کرکٹ کو فروغ دینے اور اس کی ترقی کے لیے اسپانسرنگ اقدامات پر بھی تعاون اور شراکت داری کریں گے، جس میں پاکستان کے دیہی علاقوں میں مقامی ٹیلنٹ کو تلاش کرنے کے پی سی بی کے اقدامات کی حمایت بھی شامل ہے۔
معاہدے پر دستخط کے بعد پی سی بی کے چیئرمین رمیز راجہ کہا کہ میں ماضی میں پاکستان کرکٹ کو سپورٹ کرنے کے بعد نیشنل بینک آف پاکستان کو پی سی بی فیملی میں واپس خوش آمدید کہنا چاہتا ہوں۔این بی پی کی پی سی بی کے ساتھ دوبارہ شراکت داری ایک اچھی خبر ہے کیونکہ یہ اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ باوقار تنظیمیں پاکستان کرکٹ برانڈ کے ساتھ منسلک ہونے کے لیے تیار ہیں کیونکہ وہ اپنے لیے اس میں بہت زیادہ اہمیت دیکھتی ہیں۔
سی ای او نیشنل بینک نے کہاکہ ہماری بورڈ کے ساتھ پارٹنر شپ کی شروعات ہیں، قومی ادارے کی حیثیت سے کام کر رہے ہیں، نیشنل اسٹیڈیم کے رائٹس لینا اعزاز ہے۔
