لاہور: تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے سیکریٹری جنرل اسد عمر نے کہا ہے کہ ملک کے اندر بد ترین بحران نظر آرہا ہے جو معاشی سیاسی اور سماجی بحران بن گیا ہے اور ان سے نکلنے کا واحد حل نئے انتخابات ہیں،حکومت اس نقطے پر بات چیت کے لئے تیار ہے ہم بھی بات چیت کے لئے تیار ہیں۔
اسد عمر کا کہنا تھا کہ ہمارا ہرگز یہ مطالبہ نہیں ہے کہ عمران خان کو وزیر اعظم بنا دو اور تحریک انصاف کو حکومت واپس دے دو بلکہ ہمارا یک ہی مطالبہ ہے عوام کو فیصلہ کرنے دو کہ کس نے پاکستان کی حکومت سنبھالنی ہے ،یہ الٹے ہو کر بھی لٹک جائیںاگلا ووٹ عمران خان کا ہے۔
رہنما پی ٹی آئی نے کہاکہ بالفرض لانگ مارچ ناکام ہوتا ہے تو اس کی ناکامی سے عمران خان کی سیاست کوئی دھچکا نہیں لگے گا ، تحریک انصاف کی سیاست کا کوئی نقصان نہیں ہوگا بلکہ قوم کا نقصان ضرور ہوگا۔
اسد عمر نے کہا کہ تحریک انصاف کا لانگ مارچ ہفتہ کی صبح شاہدرہ سے دوبارہ شروع ہوگا اورمریدکے سے ہوتے ہوئے ہفتے کے روز کامونکی پر اختتام ہوگا،اتوار کی صبح کامونکی سے گوجرانوالہ جائیں گے ، اتوار کا دن گوجرانوالہ شہر کے اندر گزرے گا ، پیر کی صبح نکلیں گے اورڈسکہ سے ہوتے ہوئے سیالکوٹ جائیں گے اور دن کا اختتام سالکوٹ ہوگا،منگل کی صبح سیالکوٹ سے نکلیں گے اورسمبڑیال ،وزیر آباد سے ہوتے گجرات پہنچیں گے۔
انہوں نے مزید کہاکہ لانگ مارچ کے شرکاءنے بدھ کے روز گجرات سے نکلنا ہے اور لالہ موسیٰ کھاریاں ہوتے ہوئے جہلم پہنچیں گے اور جہلم میں رات گزرے گی اور اس کے بعد جمعرات کے دن وہاں سے نکل کرگجر خان سے ہوتے ہوئے راولپنڈی پہنچیں گے،جمعہ کا دن گلگت بلتستان ،سندھ اور بلوچستان سے قافلے آنے ہیں،جنوبی پنجاب کے لوگ جمعرات کی شام آ جائینگے، شرکاءکو ٹھہرنے کا انتظام کیا جارہا ہے۔
