مقبوضہ بیت المقدس اسرائیلی قابض فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے اور بیت المقدس کے مختلف علاقوں سے 6شہریوں کو گرفتار کر لیا۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق قابض فوج نے نوجوان 22سالہ محی محمد ابو سرحان کو بیت لحم کے مشرق میں العبیدیہ قصبے میں اس کے والد کے گھر پر چھاپہ مارنے اور تلاشی لینے کے بعد گرفتار کر لیا۔
القدس میں قابض فوج نے محمد جابر نامی نوجوان کو شہر کے الرام قصبے میں اس کے گھر پر چھاپہ مار کر گرفتار کر لیا۔
اسرائیلی قابض فوج نے راملہ کے شمال مغرب میں واقع گائوں ام صفا سے چار نوجوانوں کو گرفتار بھی کیا۔
ام صفا ولیج کونسل کے سربراہ مروان صباح نے کہا کہ اسرائیلی فوج کی ایک بڑی فوج نے گائوں پر دھاوا بولا، کئی گھروں پر دھاوا بول دیا اور ان کے دروازے توڑ دیئے اور یزن محمد طنطرہ، اس کے بھائی امیر، نجاح طناطرہ اور اسامہ حماد کو گرفتار کرلیا۔
گائوں کے داخلی راستے پر قابض فوج تعینات رہی۔قیدیوں کے اداروں نے کہا کہ اسرائیلی قابض فوج نے گذشتہ ستمبر میں 445 فلسطینیوں کو گرفتار کیا جن میں 35 بچے اور 19 خواتین شامل تھیں۔
