لاہور : امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ سید ابو اعلیٰ مودودی ؒ کی قبر پر اپنی رحمتوں کا نزول فرمائے ۔ انہوں نے فکر اور نظریہ دیا اور اسلامی نظام کی تکمیل کے لیے جماعت اسلامی جیسی تحریک کو شروع کیا۔
منصورہ میں نو منتخب امیر ضلع لاہورضیاءالدین انصاری کی تقریب حلف برداری کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے جاوید قصوری نے کہاکہ ہماری تاریخ میں بہت کم ہستیاں ایسی گزری ہیں جنہوں نے اقامت دین کی خاطر تحریک کا آغاز کیا ہو۔ آج پون صدی گزرنے کے بعد بھی سید ابو الاعلیٰ مودودی ؒ کی تحریک اسی طرح جاری و ساری ہے جیسا کہ ان کے دور امارت میں تھی۔
انہوں نے کہا کہ ہم اس تحریک سے وابستگی پر رب العزت کا جتنا بھی شکر اداکریں کم ہے۔ ارکان اور امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے جس اعتماد کا اظہار کیا ہے ان شاءاللہ ہمارے بھائی ضیاءالدین انصاری اس پر پورا اتریں گے۔ جماعت اسلامی کی جدوجہد کا مقصد محض اقتدار کا حصول ہی نہیں بلکہ عوام کی فلاح و بہبود کے لیے اپنی توانائیاں صرف کرنا اور ملک و قوم کی خدمت کرنا مقصود ہے۔
رہنما جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ بد قسمتی سے ہمارے ملک پر جاگیرداروں، وڈیروں اور سرمایہ داروں کا قبضہ ہے۔ یہاں غریب کا بچہ اسمبلی میں پہنچنے کا خواب بھی نہیں دیکھ سکتا۔ مٹھی بھر اشرافیہ نے پورے نظام کو ہی یر غمال بنایا ہوا ہے۔ جب تک اس سے نجات حاصل نہیں ہوجاتی، اس وقت تک پاکستان کو حقیقی معنوںمیں اسلامی فلاحی ریاست نہیں بنایا جاسکتا۔
محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ کارکنان عام انتخابات کو مد نظر رکھتے ہوئے ابھی سے تیاری شروع کر یں۔ ہمیں اپنی دعوت کو گھر گھر پہنچانا ہوگا۔ ہم ضیاءالدین انصاری کی قیادت میں لاہور کو جماعت اسلامی کی سیاسی پہچان بنائیں گے۔
