English Al Qamar Urdu جون 28, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

لانگ مارچ اپنی ہی بھول بھلیوں میں بھٹک رہا ہے، لیاقت بلوچ

القمر

اسلام آباد،لاہور: نائب امیر جماعت اسلامی، سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے لاہور، اسلام آباد میں سیاسی کمیٹی اور رہنماؤں سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کالانگ مارچ اپنی ہی بھول بھلیوں میں بھٹک رہا ہے لیکن اِس سے بے یقینی اور عوامی سیاسی بحران شدید تر ہوتا جارہا ہے۔

لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ 2013ء کے انتخابات کے بعد سے پاکستانی سیاست، معیشت اور سماجی نظام بے یقینی، زوال اور بحرانی حالات سے دوچار ہے۔ قومی قیادت کو احساس ہی نہیں کہ عام آدمی کی زندگی جہاں مہنگائی، بے روزگاری، یوٹیلٹی بلز میں ہوشربا اضافہ اور خوفناک اقتصادی بحران نے مشکل تر بنادی ہے، وہیں عوامی سطح پر مخالفت، پگڑی اُچھال، شدت، انتہاپسند اسلوبِ سیاست نے سیاسی دھڑے بندیوں اور زہریلی پولرائزیشن نے معاشرتی بگاڑ بہت گہرا کردیا ہے۔ ہر فرد کی دوسرے فرد کے ہاتھوں عزت، وقار، احترام خطرے سے دوچار ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ معیشت اور سیاست کا چولی دامن کا ساتھ ہے۔ جب تک جمہوریت، پارلیمنٹ میں استحکام نہیں آئے گا معاشرتی زوال تیز رفتار ہوتا جائے گا۔ قومی قیادت کو سیاسی، جمہوری اور آئینی رویوں سے خود حالات کو سنبھالنا ہوگا وگرنہ اسٹیبلشمنٹ کو اور کیا چاہیے جب سیاست دان خود ہی بربادی کو تیار ہوں۔

نائب امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ قومی اتفاقِ رائے کے لیے آئین کے دائرہ کار کو بنیاد بنایا جائے؛ شفاف و غیرجانبدارانہ انتخابات، بااختیار بلدیاتی نظام، آزاد عدلیہ اور عدلیہ کو ہر طرح کے سیاسی ریاستی دباؤ سے نکالنا، اقتصادی بحران کے خاتمہ کے لیے خودانحصاری، سُود کے خاتمہ اور اپنے وسائل، اپنی قوم، بیرونِ ملک پاکستانیوں کی طاقت پر انحصار کیا جائے۔ عمران خان لانگ مارچ اپنی ہی بھول بھلیوں میں بھٹک رہا ہے لیکن اِس سے بے یقینی اور عوامی سیاسی بحران شدید تر ہوتا جارہا ہے۔ عمران خان صاحب کو تسلیم کرلیانا چاہیے کہ وہ اپنی مقبولیت کی طاقت کا غلط استعمال کررہے ہیں، اُن کی روِش صرف اُن کے لیے ہی نہیں قومی سیاست کے لیے سیاہ رات میں تبدیل ہوسکتی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سیاست میں اختلافات جمہوری حق ہے لیکن جمہوری، سیاسی اور پارلیمانی نظام میں ڈائیلاگ کے دروازے بند ہونے سے نتائج سیاست دانوں کے ہاتھ نہیں رہتے۔ پاپولر جماعتیں نعرے، بیانیے تو بڑے بنالیتی ہیں لیکن اُس کے مطابق پارٹیاں نہیں بناتیں۔ اِسی وجہ سے تمام تر محنت اسٹیبلشمنٹ کی دہلیز پر ڈھیر ہوجاتی ہے۔ جماعتِ اسلامی نے مینارِ پاکستان پر تاریخ ساز یوتھ کنونشن سے ملک گیر عوامی رابطہ اور انتخابی مہم کا آغاز کردیا ہے۔ جماعتِ اسلامی ہی حل ہے اور انشاء اللہ! ملک کو بحرانوں سے نکالیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے