آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ کے سپر 12 مرحلے کے انتہائی اہم میچ میں آسٹریلیا نے افغانستان کو دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد 4 رنز سے شکست دے دی۔
آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کر تے ہوئے افغانستان کو جیت کے لیے مقررہ بیس اوورز میں 169 رنز کا ہدف دیا جس کے تعاقب میں افغانستان کی ٹیم 7 وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز بنا سکی۔
افغانستان کی جانب سے میچ کے آخری اوورز میں راشد خان نے زبر زبردست فائٹنگ اننگز کھیلی لیکن وہ اپنی ٹیم کو کامیابی نہ دلاسکے، راشد خان 23 گیندوں پر 48 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر ناٹ آؤٹ رہے۔
راشد خان کے علاوہ افغانستان کی جانب سے گلبدین نائب 39، رحمٰن اللہ گرباز 30، ابراہیم زدران 26 رنز بنا کر نمایاں رہے جب کہ ان کے علاوہ دیگر بلے باز قابل زکر کارکردگی نہ دکھاسکے اور یوں مقررہ اوورز میں افغان ٹیم 7وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز بناسکی اور 4 رنز سے میچ ہار گئی۔
آسٹریلیا کی جانب سے جوش ہیزل ووڈ اور ایڈم زیمپا نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ کین رچرڈسن نے ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل، ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان نے آسٹریلیا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا تھا۔
آسٹریلین ٹیم نے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز بنائے۔
آسٹریلیا کی جانب سے اوپنر ڈیوڈ وارنر 25، مچل مارش 45، مارکس اسٹوائنس 25 اور گلین میکس ویل 32 گیندوں پر 54 رنز بناکر نمایاں رہے۔
افغانستان کی جانب سے باؤلر نوین الحق نے 3 اور فضل حق فاروقی نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جب کہ مجیب الرحمٰن اور راشد خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
آسٹریلیا کی جانب سے 32 گیندوں پر 54 جارحانہ اننگز کھیلنے پر گلین میکس ویل کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔
آسٹریلیا کی ٹیم سپر 12 مرحلے 5 میچز کھیل چکی ہے اور اس کے 7 پوائنٹس ہیں اور وہ دوسری پوزیشن پر برا جمان ہے جب کہ نیوزی لینڈ کے بھی 7 پوائنٹس ہیں لیکن وہ بہتر رن ریٹ کی وجہ سے پہلی پوزیشن پر ہے۔
اگر انگلینڈ نے اپنے آخری میچ میں سری لنکا کو شکست دے دی تو بہتر رن ریٹ کی وجہ سے انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرجائیں گی اور میزبان آسٹریلیا میگا ایونٹ سے باہر ہوجائے گا۔
سری لنکا اور انگلینڈ کے درمیان سپر 12 مرحلے کا یہ اہم میچ کل 5 نومبر بروز ہفتہ کھیلا جائے گا۔
منبع: ڈان نیوز
The post ٹی20 ورلڈ کپ: آسٹریلیا کی افغانستان کو 4 رنز سے شکست appeared first on شفقنا اردو نیوز.
