کراچی: نائب امیرجماعت اسلامی پاکستان وسابق ایم این اے اسداللہ بھٹو نے کہا ہے کہ سیاسی رنجش واختلافات کو ذاتی دشمنی میں تبدیل کرنے کی روش جمہوریت،سیاست اورملک کے لیے انتہائی خطرناک ہے۔سیاسی افراتفری، الزامات اور انتقامی سیاست کی بجائے ملک وقوم کے مفادات کی خاطرتمام مسائل بات چیت کے ذریعے حل کئے جائیں۔
اسد اللہ بھٹو نے کہا کہ پی ٹی آئی چیرمین عمران خان کے کنٹینر پرفائرنگ اورسینیٹراعظم سواتی کے الزمات کی تحقیقات ناگزیر ہے اصل حقائق سے قوم کو آگاہ کیا جائے۔بلوچستان کے عوام غیرت مند ومحب وطن ہیں،ان کاحق حاکمیت تسلیم اورمسنگ پرسن سمیت محرومیوں کے خاتمے کے لیے سنجیدہ کوشش کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اقامت دین کی تحریک ہے جو اپنے قیام کے روز اول سے اللہ کی زمین پر اللہ کانظام نافذ کرنے کی جدوجہد کر رہی ہے،حق وباطل کا معرکہ شروع سے جاری ہے،تمام سیاسی پارٹیوں اورنظام عوام آزما چکی جس نے مہنگائی کرپشن لوٹاکریسی کے سوا کچھ نہیں دیا،اسٹیبلشمنٹ کے تمام تجربہ بھی ناکام ثابت ہوچکے۔
