کراچی:پاکستان کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ سیمی فائنل کے لیے قومی ٹیم کے کھلاڑی ذہن میں رکھیں کہ یہ ایڈیلیڈ کا اسٹیڈیم نہیں ہے۔
میڈیا سے گفتگو کے دوران شاہد آفریدی کا پاکستان اور نیوزی لینڈ کے سیمی فائنل سے متعلق کہنا تھا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لیے ساری ٹیمیں ہوم ورک کرکے آتی ہیں لیکن ایک چیز ذہن میں رکھیں کہ یہ ایڈیلیڈ کا نہیں سڈنی کا گرائونڈ ہے جہاں کی بائونڈری مڈ وکٹ کے لیے تھوڑی سی بڑی ہے۔
شاہد آفریدی نے بولرز سے متعلق بات کرتے ہوئے ٹیم کو واضح کیا کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم سہ فریقی سیریز میں حارث رف کے بولنگ اسٹائل کو اچھی طرح دیکھ چکی ہے، وہ جانچ چکے ہیں کہ اسکوائر لیگ اور مڈ وکٹ کا ایریا حارث کے لیے فیورٹ ہے لہذا وہ حارث کے لیے خود کو تیار کرکے آئیں گے۔
سابق کپتان نے کہا کہ کسی بھی میچ کے لیے ہوم ورک دونوں ٹیمیں کرکے آتی ہیں لیکن اصل چیز میچ میں اسی منصوبہ بندی کے ساتھ کھیلنا ہے جو ٹیم سیمی فائنل میں کم سے کم غلطیاں کریں گی وہی جیتے گی۔
شاہد آفریدی نے ٹیم کو مشورہ دیتے ہوئے مزید کہا کہ سیمی فائنل کھیلتے وقت کھلاڑی اپنے ذہن میں یہ چیز رکھیں کہ وہ ماضی میں نیوزی لینڈ کو شکست دے چکے ہیں بولر ز ہوں ، بیٹسمین ہوں، بھرپور اعتماد کے ساتھ کھیلنے جائیں، اس دن کو انجوائے کریں اپنا 100 فیصد دیں اور نتیجے کی فکر چھوڑدیں کیوں کہ آپ جہاں 100فیصد دیتے ہیں وہاں نتیجہ مثبت آتا ہے۔
