اسلام آباد: وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ آئین میں صوبوں کے الگ الیکشن کی کوئی رکاوٹ نہیں۔
رانا ثناء کا کہنا تھا کہ پنجاب میں تحریک عدم اعتماد سے بہتر وزیراعلیٰ کو اعتماد کے ووٹ کا کہیں گے، اگر ہم عدم اعتماد لائیں گے تو ہمیں بندے پورے کرنے ہوں گے ورنہ وہ کریں گے، اسمبلی توڑنے کیلئے ان کے پاس لوگ صرف 150رہ جائیں گے۔یہ بات انہوں نے میڈیا پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
ان کا کہنا تھا کہ اگرعمران خان پنجاب اور خیبرپختونخواہ اسمبلیاں تحلیل کردیتے ہیں تو پھر پنجاب اور خیبرپختونخواہ دونوں صوبوں میں الیکشن کرائیں گے، ہم پنجاب کا الیکشن پوری طرح لڑیں گے۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھاکہ ہندوستان میں بھی الیکشن مرکز ی حکومت کا الیکشن اور ریاستوں کا الگ الگ ہوتا رہتا ہے، آئین میں صوبوں کے الگ الیکشن کی کوئی رکاوٹ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر عمران خان پنجاب اور خیبرپختونخواہ اسمبلیاں توڑتے ہیں تو 60روز میں الیکشن کرانے کیلئے تیار ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جنرل الیکشن دو اسمبلیاں توڑنے سے نہیں بلکہ سب تحلیل ہونی چاہیے، جب بلوچستان اور سندھ میں الیکشن نہیں ہوں گے تو پھر الیکشن کیسے ہوسکتے ہیں؟پنجاب میں تحریک عدم اعتماد سے بہتر وزیراعلیٰ کو اعتماد کے ووٹ کا کہیں گے، اگر ہم عدم اعتماد لائیں گے تو ہمیں بندے پورے کرنے پڑیں گے ورنہ انہیں بندوں کو پورا کرنا پڑے گا، اگر وہ اسمبلی توڑنے کیلئے لوگوں کو لائیں گے تو 186ارکان نہیں آئیں گے، صرف 150رہ جائیں گے۔
