لاہور: سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے سندھ فتح کرنے کےلئے آئندہ سال ماہ جنوری میں سندھ میں بھرپور عوامی مہم شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
میڈیا ذرائع کے مطابق عمران خان نے جنوری میں صوبہ سندھ کا دورہ کرنے اور وہاں بھرپور عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس حوالے سے چیئرمین پی ٹی آئی نے پارٹی کے ارکان سندھ اسمبلی سے ملاقات کے بعد فیصلہ کیا اور ملاقات میں عمران خان کے دورہ سندھ کے پلان کو بھی حتمی طور پر منظور کرلیا گیا۔
ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کے دورہ سندھ سے پہلے وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی اور مرکزی قیادت آئندہ ہفتے سے سندھ کا دورہ شروع کرے گی، جس کے بعد عمران خان خود بھی سندھ کا دورہ کریں گے، جہاں وہ سندھ کی اہم سیاسی شخصیات سے ملاقاتیں بھی کریں گے، عمران خان نے ارکان سندھ اسمبلی کو ہدایت کی ہے کہ صوبے میں بھرپور تنظیم سازی کی جائے۔
