واشنگٹن:امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ فواد چودھری کی کسی امریکی عہدیدار کے ساتھ گروپ یا انفرادی ملاقات کی تصدیق نہیں کر سکتے۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کی امریکی سفیر سے ملاقات پر ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا تھا کہ امریکی حکام مختلف سیاسی جماعتوں اور عہدیداروں سے ملاقاتیں کرتے رہتے ہیں۔
واضح رہے کہ چند روز قبل فواد چوہدری نے امریکی سفارت خانے میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم سے ون آن ون ملاقات کی تھی۔
فواد چوہدری نے جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے امریکی سفیر سے ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ امریکی سفیر سے ملاقات ہوئی، یہ معمول کی ملاقات تھی۔
مذہبی آزادی کے حوالے سے ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارت میں مذہبی آزادی کے حوالے سے بین الاقوامی مذہبی آزادی رپورٹ کے تحفظات کو نوٹ کرلیا ہے۔بھارتی حکومت سے کہیں گے کہ وہ ہر طبقے کی مذہبی آزادی کے تحفظ کے لیے وعدوں کی پاسداری کرے گی۔بھارتی حکام سے رابطوں میں مذہبی آزادی کے لیے مزید اقدامات کرنے پر زور دیں گے۔
