ابوظبی: امریکا اور روس کے درمیان یوکرائن حملے پر کشیدگی جاری ہے، تاہم اسی دوران دونوں ممالک کے مابین امارات میں قیدیوں کا تبادلہ کیا گیا ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ماسکو نے امریکی باسکٹ بال اسٹار اور اولمپک گولڈ میڈلسٹ برٹنی گرائنر کو امریکا سے روسی سابق اسلحہ ڈیلر وکٹر بوٹ جسے موت کا سوداگر بھی کہا جاتا ہے، کے تبادلے میں رہا کردیا ہے۔
دونوں ممالک کے درمیان قیدیوں کا تبادلہ ابوظبی کے ائرپورٹ پر کیا گیا۔ امریکا اور روس کے درمیان قیدیوں کا تبادلہ گزشتہ 8 ماہ کے دوران دوسری مرتبہ ہوا ہے۔
اُدھر امریکی صدر جوبائیڈن نے ٹوئٹ کے ذریعے بتایا کہ برٹنی گرائنر محفوظ ہیں اور امریکا واپس آ رہی ہیں جب کہ روس نے بھی وکٹر بوٹ کی رہائی کی تصدیق کردی ہے۔ روسی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں وکٹر بوٹ کے پہنچنے کی اطلاع دی جب کہ اس حوالے سے میڈیا پر چلائی گئی ویڈیوز میں بھی دیکھا جا سکتا ہے کہ دونوں ممالک کے قیدیوں کا ابوظبی میں تبادلہ کیا جا رہا ہے۔
قبل ازیں سعودی عرب اور امارات کی جانب سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان یہ پیش رفت دراصل اماراتی صدر محمد بن زاید النہیان اور سعودی علی عہد محمد بن سلمان کی کوششوں کا نتیجہ ہے، تاہم وائٹ ہاؤس نے تردید کرتے ہوئے کہا کہ قیدیوں کے تبادلے سے متعلق بات چیت میں صرف امریکا اور روس ہی شریک تھے۔ اس معاملے میں کسی نے ثالث کا کردار ادا نہیں کیا۔
