ریاض: سعودی وزارت حج وعمرہ کا کہنا ہے کہ تین ماہ (90 دن) کےلیے جاری کیے جانے والے عمرہ ویزا کی مدت میں توسیع ممکن نہیں۔
سعودی میڈیا کے مطابق عمرہ پرمٹ کےلیے کم ازکم عمر کی حد 5 برس متعین کی گئی ہے تاہم چھوٹے بچے اپنے والدین کے ہمراہ مسجد الحرام آسکتے ہیں۔ وزارت حج وعمرہ کے ٹوئٹرپر ایک سوال میں دریافت کیا گیا بچہ جس کی عمر 2 برس ہے کیا اسے اپنے ہمراہ عمرے کےلیے لے جاسکتے ہیں؟
سوال کے جواب میں وزارت حج وعمرہ کا کہنا تھا کہ اندرون مملکت سے عمرہ کےلیے آنے والوں کے پرمٹ کےلیے عمرکی کم ازکم حد 5 برس مقرر کی گئی ہے تاہم اس سے کم عمرکے بچے اپنے والدین کے ہمراہ بغیرپرمٹ کے مسجد الحرام آسکتے ہیں۔
عمرہ پرمٹ کے حوالے سے وزارت حج عمرہ کا مزید کہنا تھا کہ پرمٹ کےحصول سے قبل اس بات کی یقین دہانی کی جائے کہ عمرہ زائرکورونا میں مبتلا نہ ہواورنہ ہی مکہ مکرمہ آنے سے قبل وہ مصدقہ کورونا میں مبتلا کسی شخص سے ملا ہو۔
عمرہ ویزے سے متعلق وزارت حج وعمرہ کی جانب سے واضح کیا گیا کہ عمرے کے ویزے کی مدت تین ماہ (90 روز) ہوتی ہے۔ مذکورہ مدت کے دوران عمرہ ویزا ہولڈر مملکت میں قیام کرنے کا اہل ہوتا ہے تاہم 90 روزہ عمرہ ویزے کی مدت میں مزید توسیع نہیں کرائی جاسکتی۔
