اسلام آباد: سابق وزیر اعظم، چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے توشہ خانہ سے اربوں کے زیورات کی کوڑیوں کے بھاؤ مبینہ خریداری کا نیا اسکینڈل منظر عام پر آگیا۔
ذرائع کے مطابق سرکاری تحائف توشہ خانہ کے حوالے کرنے کے بجائے وزیراعظم ہاؤس میں ہی رکھے گئے، کم طے کی گئی قیمت بھی من و عن تسلیم کی، کسی نے اعتراض نہ اٹھایا۔
ستمبر 2020 میں سعودی ولی عہد نے سابق وزیراعظم عمران خان کو انتہائی قیمتی تحائف بھیجے، تحائف میں گراف کا انتہائی نایاب، پیلا اور سفید ڈائمنڈ جیولری سیٹ شامل تھا، سیٹ میں ہار، بریسلٹ، بالیاں اور 10 قیراط کی انگوٹھی شامل تھی۔
ذرائع کے مطابق معروف غیر ملکی جیولرز نے ان کی مالیت تقریباً 3 سے 4 ارب روپے بتائی، کیبنٹ ڈویژن نے پرائیویٹ ڈیلر سے ایک کروڑ 80 لاکھ روپے قیمت لگوائی، عمران خان نے مبینہ طور پر صرف 90 لاکھ روپے دے کر سیٹ اپنے پاس رکھ لیا۔

