لاہور: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ سیاست میں کچھ بھی حرف آخر نہیں، معاملات کو خوش اسلوبی سے حل کریں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی،سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی اور رکن قومی اسمبلی حسین الٰہی نے لاہور میں صدر مملکت سے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی و معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: شریف خاندان کیخلاف کیسز ختم ہونے پر پی ٹی آئی کا سپریم کورٹ جانے کا اعلان
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ سیاست میں کوئی بھی چیز حرف آخر نہیں ہوتی۔ ہمیں صرف پاکستانی بن کر ملک ہی کے لیے سوچنا ہے۔ پاکستان کے وسیع تر مفاد کو پیش نظر رکھتے ہوئے تمام فیصلے کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ہم سے اتحاد اور سیاسی رواداری کا متقاضی ہے۔ معاملات کو خوش اسلوبی سے حل کریں گے۔ اللہ سے امید ہے کہ پاکستان کے لیے بہترین راستہ نکل آئے گا۔
قبل ازیں وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی نے صدر مملکت کو صوبے میں جاری ترقیاتی کاموں سے آگاہ کیا۔ دونوں کے درمیان ملکی معیشت کومزید بہتر بنانے کے بارے میں بات چیت ہوئی۔

