اسلام آباد: وفاقی وزیراطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ توانائی کی بچت کا قومی ایمرجسنی پلان تیار کرلیا ہے۔ توانائی بچت پلان کے نتیجے میں 262 ارب روپے سے زائد کا فائدہ ہوگا۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ نجی سرکاری عمارتوں کو شمسی توانائی پر منتقل کریں گے، بجلی چوروں کیخلاف کریک ڈاؤن کیا جائے گا۔ انہوں نے ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت معاشی بحالی، توانائی کی قلت کے خاتمے کےلئے اجلاس ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ توانائی کی بچت کا قومی ہنگامی پلان تیار کرلیا گیا جس سے امپورٹ بل میں نمایاں اور واضح کمی ہوگی۔ غیرمعمولی صورتحال میں غیرمعمولی اقدامات کا فیصلہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ایمرجنسی بچت پلان حتمی منظوری کے لئے کابینہ کے آئندہ اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔

