English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

نوجوان مستقبل کے معمار ہیں، ملک و قوم کے لیے آگے بڑھیں، حافظ نعیم

کراچی: امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ یہ خوش آئند بات ہے کہ پاکستان میں 60فیصد نوجوان ہیں اور نوجوان ہی مستقبل کا معمار ہیں ،نوجوان نسل آگے بڑھے ،ملک اور قوم کی بہتری اور معاشرے کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرے اور امت مسلمہ کی سربلندی کے لیے اپنا کردار ادا کرے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے عثمان پبلک اسکول سسٹم کے تحت اسکاؤٹ ٹریننگ سینٹر میں لیڈر شپ کیمپ میں شریک طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر ایگزیکٹیو ڈائریکٹر عثمان پبلک اسکول معین الدین نیر، ڈپٹی ڈائریکٹرز محمد عاصم علی یوسف ، احمد صمد ودیگر بھی موجود تھے ۔

حافظ نعیم الرحمن نے مزیدکہاکہ مغربی تہذیب کو اگرچہ دنیا میں بڑامقام حاصل ہے لیکن ان کی اپنی تہذیب ہی کی وجہ سے ان کا خاندانی نظام تباہ ہے اورمغرب میں نوجوانوںکی تعداد بہت کم ہے۔ بد قسمتی سے ہمارے ملک میں بھی مغرب کی تہذیب کو پروان چڑھانے کی کوشش کی جارہی ہے ، اگر ہم اپنی پوری زندگی اللہ اور اس کے رسول کے بتائے ہوئے اصولوں او ر طریقے کے مطابق گزاریں گے تو اس کے نتیجے میں دنیا کے ساتھ آخرت کی بھلائی بھی نصیب ہوگی۔

انہوں نے کہاکہ عثمان پبلک اسکول کو بقیہ اسکولوں سے یہ ممتاز حاصل ہے کہ یہ اپنے طلبہ کے لیے تعلیمی صلاحیت کے ساتھ ساتھ تربیت کا بھی اہتمام کرتا ہے ،گزشتہ 2دنوں سے طلبہ اس کیمپ میں مشق کررہے ہیں اورتفریح کے ساتھ ساتھ سختی بھی برداشت کررہے ہیں ۔اسی سختی کو برداشت کرنا اورمحنت کرنا ہی کامیابی کی پہلی سیڑھی ہے ۔

امیر جماعت کا کہنا تھا کہ طالب علم کی  علمی استعداد وصلاحیت میں اضافے کے ساتھ ساتھ جسمانی نشونما کو بھی ملحوظ خاطررکھنا ضروری ہے ،اسکاؤٹ کی تربیت کا مقصد یہ ہوتا ہے ملک میں ڈیزاسٹر و دیگر ناگہانی آفات سے نبٹنے کے لیے دستیاب وسائل کے ساتھ کیسے کام کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ عثمان پبلک اسکول مبارکباد کا مستحق ہے کہ اس نے اپنے طلبہ کے لیے اسکاؤٹ کی تربیت کا انتظام کیا ۔لیڈر وہ ہوتا ہے جو ہر فیلڈ میں عوام کے ساتھ مل کر مسائل حل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہواور یہی کردار ایک سیاسی لیڈر کا بھی ہونا چاہیئے ۔

حافظ نعیم نے کہا کہ بدقسمتی سے ملک میں سیاست کو ایک گالی بنادیا گیا ہے اور ایسے ایسے لوگ لیڈر بن گئے ہیں جو سیاست کے نام پر عوام کو دھوکا دے رہے ہیں ، عثمان پبلک اسکول اپنے طلبہ میں تعلیمی صلاحیت کے ساتھ ساتھ لیڈر شپ کی صلاحیت کو بھی پروان چڑھارہا ہے جس سے طلبہ مستقبل میں حقیقی لیڈر بن سکیں گے اور ملک و قوم کا نام روشن کریں گے ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے