English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

دہشت گردوں کی مالی معاونت کے ثبوت اقوام متحدہ کو فراہم کردیئے، بلاو ل بھٹو

القمر

نیویارک: وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھاکہ دہشت گردوں نے پاکستانی عوام اور افواج کو نشانہ بنایا، دہشت گردوں کی مالی معاونت کے ثبوت اقوام متحدہ کو فراہم کردیئے، پاکستان کی سرزمین دہشت گردوں سے پاک کی گئی۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہناتھا کہ ساںحہ اے پی ایس کی ذمہ داری نام نہاد کالعدم ٹی ٹی پی نے قبول کی تھی، ٹی ٹی پی کو سلامتی کونسل نے دہشت گرد تنظیم قرار دے رکھا ہے، تحریک طالبان پاکستان کیخلاف بڑے پیمانے پر فوجی آپریشنز کئے گئے، پاکستان کی سرزمین دہشت گردوں سے پاک کی گئی۔یہ بات انہوں نےنیویارک میں سانحہ آرمی پبلک اسکول کی آٹھویں برسی سے متعلق تقریب سے خطاب کرتے ہوئےکہی۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے پاکستان کو ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکلنے میں بھی رکاوٹ ڈالی اور ایف اے ٹی ایف کو بدنام کرنے اور پاکستان کو نقصان پہنچانے کی کوششیں کیں، پاکستان کے خلاف اپنے دہشت گردانہ اقدامات کو چھپانے کیلئے ہندوستان دہشت گردی کے الزامات لگا کر پاکستان کو بدنام کرنے کی کوششوں میں لگا رہتا ہے، سلامتی کونسل میں بھارت کی دو سالہ رکنیت کے دوران یہ بھارتی مہم تیز ہوگئی تھی۔

 بلاول بھٹو کو کہنا تھاکہ آرمی پبلک اسکول حملے میں 132 بچے اور 8 اساتذہ و عملہ شہید اور متعدد افراد زخمی ہوئے، یہ دہشت گردانہ حملہ خاصا گھناؤنا تھا کیونکہ دہشت گردوں کا واضح مقصد بچوں کو مارنا تھا، اس لحاظ سے یہ ایک ٹارگٹڈ حملہ تھا جس کا مقصد پاکستانی عوام کے حوصلے کو شدید دھچکا پہنچانا تھا۔ہمارے بچوں کے قتل عام کے صدمے نے پاکستانی قوم کو ہماری سرزمین سے تمام دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے متحرک کیا، ہم نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں بھاری قیمت ادا کی، 80 ہزار شہری اور فوجی ہلاک یا زخمی ہوئے اور معیشت کو 120 ارب ڈالر کا نقصان پہنچا۔

وزیرخارجہ کا مزید کہنا تھا کہ بدقسمتی سے کالعدم ٹی ٹی پی اور کچھ دوسرے دہشت گرد گروہوں کو سرحد پار سے ’’محفوظ پناہ گاہیں‘‘ ملی ہیں، جہاں سے پاکستان کے فوجی اور شہری اہداف کے خلاف وقتاً فوقتاً اور اس سے بھی زیادہ حملے کئے جاتے رہے ہیں، ہمیں تشویش ہے کہ کالعدم ٹی ٹی پی نے ہمارے منتشر ہونے اور انضمام کے مطالبات ماننے سے انکار کردیا ہے، اس نے پاکستان کے خلاف ’’جنگ‘‘ کا اعلان کیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے