کراچی: انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میچ میں ٹاس جیت کر پہلے دن پاکستانی ٹیم 304 رنز بنا کر پوویلین لوٹ گئی ہے ۔
کراچی میں کھیلے جا رہے سیریز کے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو پہلے باؤلنگ کی دعوت دی۔ عبداللہ شفیق اور شان مسعود نے اننگز کا آغاز کیا اور اسکور کو 18 تک پہنچا دیا لیکن اسی اسکور پر عبداللہ کو وکٹوں کے سامنے پیڈ لانے کی پاداش میں جیک لیچ کی گیند پر آؤٹ قرار دیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق 13 ویں اوور میں پاکستان ٹیم کو 46 رنز پر دوسرا نقصان ہوا جب فاسٹ بولر مارک ووڈ نے شان مسعود کو 30 رنز پر کیچ آؤٹ کرایا۔ کپتان بابر اعظم اور اظہر علی نے 71 رنز کی پارٹنرشپ قائم کر کے اسکور 117 تک پہنچایا تو اس وقت فاسٹ بولر اولی رابنسن نے اظہر علی کو 45 رنز پر کیچ آؤٹ کرایا۔ پاکستان کی چوتھی وکٹ 162 رنز پر گری جب سعود شکیل کو ریحان احمد نے 23 رنز پر کیچ آؤٹ کرایا۔ قومی ٹیم کی پانچویں وکٹ 196 رنز پر گری جب محمد رضوان 19 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے ۔ 219 کے اسکورپر بابر اعظم 78 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے۔
انگلینڈ کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے ریحان احمد اور جیک لیچ نے 2،2 جبکہ اولی روبنسن، مارک ووڈ، اور جو روٹ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ پاکستان نے میچ کے لیے ٹیم میں چار تبدیلیاں کی ہیں اور انجری کا شکار امام الحق کے ساتھ ساتھ محمد نواز، زاہد محمود اور محمد علی کو بھی باہر بٹھا دیا گیا۔ ان کی جگہ فائنل الیون میں شان مسعود، اظہر علی، نعمان علی اور محمد وسیم جونیئر کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ وسیم جونیئر نے ٹیسٹ ڈیبیو کیا ہے اور وہ پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ میچ کھیلنے والے 253ویں کرکٹر ہیں، انہیں آخری میچ کھینے والے تجربہ کار بلے باز اظہر علی نے ٹیسٹ کیپ دی۔

