انقرہ:ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے کہاہے کہ استنبول کے حزب اختلاف سے تعلق رکھنے والے میئرکو جیل کی سزاکے بعد عدالتیں اپیل کے عمل میں کسی بھی غلطی کاازالہ کریں گی، اس دوران میں ترکوں کو قانونی فیصلوں کو نظراندازکرنے کاکوئی حق نہیں ہے۔
صدرایردوان نے کہاکہ انھیں اس بات کی پروانہیں کہ اگلے سال کے انتخابات میں حزب اختلاف کا امیدوار کون ہوتاہے، ابھی تک عدالت کا کوئی حتمی فیصلہ نہیں آیا ۔ یہ معاملہ اپیل عدالت اور کورٹ آف کیسیشن میں جائے گا۔اگر ماتحت نے کوئی غلطی کی ہے تو اسے درست کیا جائے گا لیکن وہ ہمیں اس کھیل میں کھینچنے کی کوشش کررہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ استنبول کے میئر اکرم امام اوغلونے عدالت کے فیصلے کوحزب اختلاف کے خلاف جمہوریت، قانون کی حکمرانی اورانصاف کی لڑائی قراردیا ہے۔ان کی قیادت میں ہزاروں افرادریلیوں میں جمع ہوئے ہیں، وہ اپنی سزا کے خلاف اپیل دائرکرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
صدر ایردوآن نے ترکی کے جنوب مشرقی علاقے ماردین میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بہت سے عدالتی فیصلوں کی بنا پرہمیں سخت تنقید کا نشانہ بنایاگیا ہے لیکن اس سے کسی کو بھی ججوں کی توہین کرنے یا عدالتی فیصلوں کو نظرانداز کرنے کا حق نہیں مل جاتا۔
