English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی انتھک کاوشوں کا نتیجہ ہے، چیئرمین سینیٹ

Quaid-e-Azam

اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح ؒ کے یوم ولادت کے موقع پر کہا کہ قائداعظم محمد علی جناحؒ ایک عظیم لیڈر اور ذہانت و فراصت کے بہترین پیکر تھے۔ قیام پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح ؒ کی انتھک کاوشوں کا نتیجہ ہے

چیئرمین سینٹ کا کہنا تھاکہ محمد علی جناح ؒ نے اپنے اعلیٰ کردار ، مستقل مزاجی اور جدوجہد سے برصغیر کے مسلمانوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرتے ہوئے علیحدہ ملک کیلئے جدوجہد شروع کی اور برصغیر پاک ہند کے مسلمانوں کیلئے دو قومی نظریے کی بنیاد پر پاکستان کا قیام میں عمل لائے۔ قیام پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح ؒ کی انتھک کاوشوں کا نتیجہ ہے۔یہ بات انہوں نے اپنے ایک جاری بیان میں کہی۔

ان کا کہنا تھاکہ پوری قوم بانی پاکستان کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔ بابائے قوم کی دور اندیشی اور سیاسی بصیرت نے قوم کی تقدیر بدلنے کیلئے اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط جیسے رہنما اصول وضع کیے ۔قیام پاکستان کی تحریک کیلئے محمد علی جناحؒ ایسے ڈٹ کر کھڑے ہوئے کہ دنیا کی بڑی طاقت ور قوم کو ان کے سامنے سرنگوں کرنا پڑا ۔

چیئرمین سینیٹ کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے مسائل کی بڑی وجہ یہ بھی ہے کہ ہم نے وہ تعلیمات بھلا دی ہیں جن کی نشاندہی بابائے قوم نے کی تھی۔ آج ہمیں جن مشکلات کا سامنا ہے، ان پر قابو پانے کاواحد راستہ قانون اور آئین پر عمل درآمد ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں بانی پاکستان کے رہنما اصولوں پر عمل کرتے ہوئے اپنے مستقبل کو بہتر کرنا ہے اور ہر قسم کے اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر ایک پر امن، ترقی پسندانہ اور جمہوری سوچ کو پروان چڑھانے کیلئے مل کر کام کرنا ہوگا ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے