English Al Qamar Urdu جون 27, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

کراچی کا کوئی وارث نہیں، روزانہ نوجوانوں کی لاشیں اٹھ رہی ہیں،  حافظ نعیم

کراچی: گلستان جوہر میں پولیس شاہین فورس کے اہلکاروں کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے عامر بلوچ ولد نثار احمدکی نماز جنازہ گلشن اقبال میں امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کی امامت میں ادا کی گئی، جس میں کسی حکومتی نمائندے نے شرکت نہیں کی ۔

حافظ نعیم الرحمن نے عامر بلوچ کے والد نثار احمد ودیگر اہلخانہ سے ملاقات کی اور اس افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان سے تعزیت کی ۔ان کے ہمراہ پبلک ایڈ کمیٹی ضلع شرقی کے صدر محمد قطب بھی موجود تھے۔

بعد ازاںحافظ نعیم الرحمن نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ عامر بلوچ کے قاتل اہلکاروں کو قانون کے مطابق سزا دی جائے اوراہلخانہ کو انصاف فراہم کیا جائے اورزر تلافی دی جائے ۔شہر بھر میں بڑھتے ہوئے اسٹریٹ کرائمز ومسلح ڈکیتیوں کی وارداتوں سے شہری پہلے ہی اذیت اورعدم تحفظ کا شکار ہیں، دوسری جانب شاہین پولیس فورس کے اہلکاروں نے فائرنگ کر کے بے گناہ عامر بلوچ کو سفاکانہ طریقے سے جاں بحق کردیا گیا ۔

انہوں نے کہا کہ سی سی ٹی فوٹیج میں موجود ہے کہ مقتول عامر بلوچ شاہین فورس کے اہلکاروں سے کہہ رہا ہے کہ میری بات سنولیکن ان اہلکاروں نے مقتول کی بات سنے بغیر ہی اسے گولیوں کا نشانہ بناڈالا۔دنیا میں کوئی ایسا قانون نہیں ہے کہ جس میں بغیر کسی تفتیش کے کسی بھی شہری کو گولی مارکر ہلاک کردیا جائے ۔

حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ انتہائی افسوس کا مقام ہے کہ مقتول کی نماز جنازہ میں کوئی حکومتی نمائندہ تک موجود نہیں ہے ،ایسا محسوس ہوتا ہے کہ شہرکاکوئی والی وارث نہیں ہے ،روزانہ کی بنیاد پر نوجوانوں کی لاشیں اٹھائی جارہی ہیں ،شہری پہلے تو چوروں اور ڈکیتوں سے پریشان تھے اب پولیس کے اہلکاروں سے بھی خوف زدہ ہوگئے ہیں ۔

امیر جماعت نے کہا کہ لوٹ مار ،مسلح ڈکیتوں اور اسٹریٹ کرائمز کے نتیجے میں سیکڑوں شہری اپنی قیمتی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں ،ان کے گھروں کو چلانے والا کوئی نہیں ہے اور حکومت کی جانب سے بھی ان گھرانوں کی سرپرستی نہیں کی جارہی ہے ۔پولیس چیف کہتے ہیں کہ شہری ڈکیتوں کے سامنے مزاحمت نہ کریں ،ہم ان سے پوچھنا چاہتے ہیں کہ ایک عام شہری پولیس کے سامنے کیا کرے جس سے اس کی جان بچ جائے۔

حافظ نعیم الرحمن نے شہریوں سے اپیل کی کہ اپنے جائز اور قانونی حقوق کے حصول کے لیے گھروں سے نکلیں اورجماعت اسلامی کا ساتھ دیں ۔آج جماعت اسلامی واحد جماعت ہے جو اہل کراچی کی حقیقی ترجمانی کررہی ہے اور عوام کے حقوق اور مسائل کے حل کے لیے ایک مؤثر اور توانا آواز بن کر میدان عمل میں موجود ہے ۔

دریں اثنا حافظ نعیم الرحمن نے گزشتہ دنوں گبول ٹاؤن میں منشیات فروشوں وجرائم پیشہ عناصر کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے سہراب گوٹھ مچھر کالونی کے رہائشی تین سگے بھائی نذر محمد ،سعید محمد اور خیال محمد کے گھر بھی گئے اور ان کے والد سے ملاقات وتعزیت کی ۔

ان کے ہمراہ ضلع شمالی کے امیر محمد یوسف اور حاجی طور خان بھی موجود تھے ۔حافظ نعیم الرحمن نے مطالبہ کیا کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائے اور قتل کی سنگین واردات میں ملوث مجرموں کو سخت سزادی جائے ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے