کراچی: نیوزی لینڈ کے خلاف 3 میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز کے لیے 16 رکنی قومی ٹیم کا اعلان کل جمعرات کو ہوگا۔
چیف سلیکٹر سابق ٹیسٹ کپتان شاہد خان آفریدی دوسرے ٹیسٹ کے چوتھے روز چائے کے وقفے کے دوران منتخب کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کریں گے۔سیریز کے میچز آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ کا حصہ ہیں۔
میچز9، 11 اور 13 جنوری کو نیشنل بینک کرکٹ ایرینا(نیشنل اسٹیڈیم) میں کھیلے جائیں گے۔ممکنہ کھلاڑیوں میں بابر اعظم (کپتان)، عبداللہ شفیق، ابرار احمد، عامر جمال، حارث رؤف، حسن علی، احسان اللہ، امام الحق، کامران غلام، محمد حارث، محمد نواز، محمد رضوان، محمد وسیم، نسیم شاہ، قاسم اکرم، سلمان علی آغا، شاداب خان، شاہنواز دہانی، شان مسعود، شرجیل خان،فخر زماں، حارث سہیل اور طیب طاہر شامل ہیں۔
ممکنہ 6 کھلاڑیوں نے ابھی تک کوئی ون ڈے انٹرنیشنل میچ نہیں کھیلا۔ ان میں ابرار احمد، عامر جمال، احسان اللہ، کامران غلام، قاسم اکرم اور طیب طاہر شامل ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان ورلڈ کپ سپرلیگ میں چھٹی اور نیوزی لینڈ دوسری پوزیشن پر براجمان ہے، سیریز میں وائٹ واش کرنے پر پاکستان پہلی پوزیشن حاصل کرسکتا ہے۔

