لاہور: امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ انسانیت کی خدمت عظیم عبادت کا درجہ رکھتی ہے۔ محسن انسانیت حضور نبی اکرم ﷺ نے انسانوں کو باہمی ہمدردی اور خدمت گزاری کا درس دیا ہے۔ طاقتوروں کو کمزوروں پر رحم و مہربانی اور امیروں کو غریبوں کی امداد کرنے کی تاکید و تلقین فرمائی ہے۔
ضیاء الدین انصاری ایڈوکیٹ نے کہاکہ الخدمت فاؤنڈیشن اور الخدمت گروپ کے تعاؤن سے ونٹر پیکیج تقسیم کا مقصد مستحق لوگوں کو سردی کی شدت سے بچانا ہے۔شدید سردی میں ٹھٹھرتی زندگیاں کیلئے الخدمت فاؤنڈیشن کا کردار قابل تحسین ہے۔
ضیاء الدین انصاری ایڈوکیٹ نے مزید کہا کہ حکومت اشیاء خرودونوش کی قیمتوں میں اضافہ کرکے غربیوں پر زندگی تنگ کررہی ہے۔ گندم،آٹے، گھی سمیت دیگر اشیاء خرودونوش کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافہ نے غریبوں کی زندگی اجیرن بنادی ہے۔
انہوں نے کہاکہ گندم اور آٹے کی قیمت میں ظالمانہ اضافہ کرکے عوام کوفاقوں پر مجبور کیا جارہا ہے جس کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔ سستے آٹے کی قلت پیدا کرنے والے ذخیرہ اندوز اور منافع خور کسی رعایت کے مستحق نہیں حکومت اور ضلعی انتظامیہ ایسے قومی مجرموں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائے۔

