لاہور:گورنر پنجاب بلیغ الرحمان کو مسلم لیگ ن کی قیادت کی جانب سے صوبائی اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری پر دستخط کرنے کے لیے گرین سگنل مل گیا ہے۔ ٹی وی ذرائع کے مطابق گورنر جلد ہی سمری پر دستخط کر دیں گے۔
ذرائع کے مطابق یہ خبر پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور وقافی وزیر خزانہ اسحاق ڈاراور گورنر پنجاب بلیغ الرحمان کی ہفتہ کو لاہور میں ہونے والی ملاقات سے سامنے آئی۔
دونوں رہنماؤں نے پنجاب اسمبلی کی تحلیل کے معاملے اور ملک کی عمومی سیاسی صورتحال پر گفتگو کی۔ انہوں نے مختلف قانونی زاویوں سے مسئلے کا تجزیہ بھی کیا۔
ملاقات کے دوران گورنر پنجاب نے وزیر خزانہ کو حالیہ کامیاب بیرونی دوروں پر مبارکباد دی اور معیشت میں بہتری کے لیے ان کی کوششوں کو سراہا۔
اس موقع پر اسحاق ڈار نے کہا کہ ملک کی تاریخ میں ایسے معاشی چیلنجز پہلے کبھی نہیں آئے تاہم پاکستان کے ڈیفالٹ کاخطرہ نہیں، یہ صرف چند ناقدین کا خواب ہی رہ جائے گا۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ وزیراعظم کی قیادت میں اقتصادی ٹیم معیشت کی بہتری کی کوششیں کررہی ہے اور آنے والے دنوں میں معیشت میں مزید بہتری آئے گی۔

