اسلام آباد: ورلڈ بینک نے پاکستان کے لیے قرض تاخیر کا شکار ہونے سے متعلق خبروں کی تردید کردی۔
میڈیا ذرائع کے مطابق ورلڈ بینک نے کہا ہے کہ پاکستان میں ممکنہ آپریشنز کی منظوی مؤخر کیے جانے کے فیصلے کے سلسلے میں چلنے والی خبریں بے بنیاد ہیں۔
The press reports that refer to a World Bank decision to delay approval of potential Bank operations in Pakistan are unfounded. The tentative Board approval dates of all of our proposed operations, as well as their amounts, are indicative, and…(1/2)
— Najy Benhassine (@WBPakistanCD) January 19, 2023
ورلڈ بینک کے پاکستان میں کنٹری ڈائریکٹر ناجی بن حسائن نے اپنے ٹوئٹر بیان میں وضاحت کی ہے کہ عالمی بینک کے پاکستان میں ممکنہ آپریشنز کی منظوری مؤخر ہونے سے متعلق فیصلے کی میڈیا میں آنے والی خبریں درست نہیں۔
ناجی بن حسائن کا کہنا تھا کہ ورلڈ بینک کے تمام مجوزہ آپریشنز اور مختص رقوم کے حوالے سے عالمی بینک کے بورڈ کی منظوری کے لیے مقرر کی گئی تاریخیں بالکل واضح ہیں۔
انہوں نے کہاکہ عالمی بینک اپنے طے شدہ طریقے پر عمل کرتے ہوئے مجوزہ منصوبوں کی تیاری کی بنیاد پر بورڈ کے غور و خوض کے لیے پروجیکٹ تجاویز کے تبادلے کے لیے وقت کا فیصلہ کرتا ہے۔
واضح رہے کہ ایک روز قبل ہی غیر ملکی نیوز ایجنسی نے دعویٰ کیا تھا کہ ورلڈ بینک نے پاکستان کو 1.1 ارب ڈالر قرض کی فراہمی توانائی کے قرضوں اور ٹیرف کے حوالے سے کچھ اقدامات کے سبب آئندہ مالی سال تک مؤخر کردی ہے۔

