اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے عام انتخابات میں سیاسی جماعتوں، امیدواروں اور پولنگ ایجنٹس کے لیے مجوزہ ضابطہ اخلاق تیار کر لیا۔
ذرائع کے مطابق سیاسی جماعتیں، امیدوار، الیکشن ایجنٹس آئین اور قوانین کے تحت عوام کے حقوق اور آزادی کا خیال رکھیں۔ سیاسی جماعتیں اور امیدوار پاکستان کی خود مختاری، سالمیت اور سلامتی کے خلاف اظہار خیال سے گریز کریں۔ عدلیہ اور افواج پاکستان کی شہرت اور تضحیک نہیں کی جانی چاہیے۔
مجوزہ ضابطہ اخلاق کے مطابق الیکشن کمیشن کی تضحیک سے اجتناب اور احکامات کی پیروی کو یقینی بنایا جائے۔ خلاف ورزی پر توہین الیکشن کی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ امیدواروں کو تحائف، لالچ اور رشوت دے کر دستبردار کرانا انتخابی بدعنوانی تصور ہو گا۔ سیاسی جماعتیں، امیدوار پولنگ کے روز انتخابی عملے اور پولنگ ایجنٹس کے تحفظ کے لیے سیکیورٹی اداروں سے مکمل تعاون کریں۔
سیاسی جماعتیں ٹکٹوں کی تقسیم کے دوران 5 فیصد خواتین کی نمائندگی کو یقینی بنائیں۔ سیاسی جماعتیں اور امیدوار انتخابی عمل میں خواتین کی شرکت کے لیے حوصلہ افزائی کریں۔ انتخابی امیدوار اور ان کے حمایتی پولنگ کے دن تشدد سے اجتناب کرینگے۔
مجوزہ ضابطہ اخلاق میں کہا گیا ہے کہ الیکشن ایکٹ کے تحت تمام امیدوار انتخابی اخراجات کے لیے مخصوص اکاونٹس کھلوانے کے پابند ہوں گے۔ امیدوار تمام اخراجات مذکورہ بالا اکاونٹ میں جمع کی گئی رقم سے کریں گے۔ انتخابی امیدواروں کی فہرست شائع ہونے کے بعد امیدوار ہر پندرہ روز میں اخراجات کی تفصیلات ریٹرننگ افسر کے پاس جمع کرانے کا پابند ہو گا۔ کامیاب امیدوار دس روز میں انتخابی اخراجات کی تفصیلات ریٹرننگ افسر کو جمع کرائے گا۔

