لاہور: امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری کہا ہے کہ حکمرانوں کی ناکام معاشی پالیسیوں اورمہنگائی میں روزبروز اضافے کے خلاف جماعت اسلامی کا 10تا12فروری کو عوامی روڈ کارواں لاہور سے راولپنڈی ہو گا۔
جاوید قصوری کاکہناتھاکہ ر وڈ کارواں میں جماعت اسلامی کی مرکزی، صوبائی اور ضلعی قیادت کے ساتھ کارکنان اور عوام الناس کی بڑی تعداد شریک ہوگی حکومت نے آئی ایم ایف کے سامنے گھٹنے ٹیک دیے ہے ۔وزیر خزانہ کی جانب سے آئی ایم ایف کی تمام سخت شرائط کو من وعن قبول کرنے اور عوام پر مزید ٹیکس لگانے کی حامی بھرنے سے عوام میں تشویش بڑھ گئی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
ان کاکہناتھاکہ عالمی ادارے پاکستان کی معاشی صورتحال کو انتہائی خراب قرار دے رہے ہیں روپے کی بے قدری سے وسیع معاشی اثرات پڑیں گے ۔ایک طرف ایل پی جی کی قیمت میں 60روپے فی کلو اضافہ سے عوام کی مشکلات میں بھی اضافہ ہو گا ،جبکہ دوسری جانب بینکوں کا ایل سیز کھولنے سے انکار سے ملک کے اندر ایندھن کی قلت اور انڈسٹریز تباہ ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے ۔اس اقدام سے ایک کروڑ سے زائد مزدور بے روزگار ہوں گے ۔
دریں اثناامیرجماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹرطارق سلیم کاکہناتھا کہ آئی ایم ایف کے غلاموں نے عوام کی زندگی اجیرن کردی پسے ہوئے غریب طبقے کواکیلانہیں چھوڑ سکتے جماعت اسلامی 10فروری کولاہور سے راولپنڈی مہنگائی کے خلاف تین روزہ روڈ کا رواں کا آغازکررہی ہے گوجرانوالہ ،گجرات ،جہلم سمیت دیگراضلاع اور مرکزی مقامات پراستقبال اور مارگئی مہنگائی جلسے منعقدہوں گے ،12فروری کوروڈ کارواں کے اختتا م پر راولپنڈی میں عظیم الشان جلسہ ہوگا ۔ ان خیالات کااظہارانھوں نے صوبائی جائزہ وپلاننگ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
